0
Monday 11 Jun 2012 00:19

پاکستان میں اسلام کی بنیاد پر ہی ایک پائیدار اور حقیقی تبدیلی ممکن ہے، سراج الحق

پاکستان میں اسلام کی بنیاد پر ہی ایک پائیدار اور حقیقی تبدیلی ممکن ہے، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ نائب امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان، پاکستان کی تہذیب، سیاست اور معیشت سب اس وقت امریکی یلغار کی زد میں ہیں۔ ان شاءاللہ دشمن کو اس معرکے میں اللہ کے دین کو سربلند کرنے والے جماعت اسلامی کے جانفروش کارکنان یکسر شکست سے دوچار کریں گے اور پاکستان میں اللہ کا کلمہ ہی بلند و غالب ہو کر رہے گا۔ جماعت اسلامی کے مرکزی میڈیا سیل کے پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار جماعتِ اسلامی پاکستان کے نائب امیر سراج الحق نے سعودی عرب کے شہر ریاض میں پاکستانیوں کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سراج الحق نے مختلف سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں عنقریب انتخابات کا معرکہ درپیش ہے اور جماعت اسلامی اس معرکے میں اللہ کے بھروسے اور اپنی منظم قوت کے ساتھ میدان عمل میں موجود ہو گی۔ انھوں نے کہا کہ الیکٹرانک میڈیا نے جماعت اسلامی کی سرگرمیوں کا سوچا سمجھا مقاطعہ کر رکھا ہے لیکن جماعت اسلامی کا کارکن ہر گھر کے دروازے پر دستک دے کر الیکٹرانک میڈیا کے اس دباؤ کو ختم کر دے گا۔ انہوں نے کارکنان جماعت کو بھرپور عوامی رابطہ اور لوگوں کو بیدار کرنے کی ضرورت کی طرف متوجہ کیا اور کہا کہ اس کے بغیر تبدیلی کا عمل ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی کا واحد راستہ عوامی تائید و حمایت سے انتخابات کے ذریعے ہی کھلتا ہے۔ جماعت اسلامی انتخابات کے ذریعے تبدیلی پر یقین رکھتی ہے۔ جماعت اسلامی ایک مکمل جمہوری جماعت ہے۔ انتخابی اتحاد اور سیٹ ایڈجسٹمنٹ بھی جماعت اسلامی وقت پڑنے پر کرے گی لیکن اس کی بنیاد جماعت کی اپنی پالیسیاں اور نظریہ ہی ہو گا۔ دینی جماعتوں کے ساتھ ہم آہنگی اور قربت کا جماعت اسلامی نے ہمیشہ بندوبست کیا ہے۔ ملی یکجہتی کونسل اسی یکجہتی کی طرف ایک کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اسلام کی بنیاد پر ہی ایک پائیدار اور حقیقی تبدیلی ممکن ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بعض سیاسی جماعتیں غیرجمہوری ہیں، یہ ایک کاروباری سرمایہ کاری ہے۔ ایک پارٹی کے افراد جب اس پارٹی کا کاروبار ڈوبتا دیکھتے ہیں تو دوسری کسی پارٹی کا رُخ کرتے ہیں تاکہ اُن کا کاروبار پھلتا پھولتا رہے۔ ان کے ذریعے پاکستان میں تبدیلی کا امکان نہیں ہے۔ انہو ں نے کہاکہ پاکستان میں کوئی سونامی اور کوئی طوفان اب نہیں آئے گا بلکہ اب صرف اسلام ہی پاکستان میں غالب و مقتدر ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 170054
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش