0
Friday 15 Jun 2012 03:23

سانحہ شیر شاہ کے ملزمان کا کیفر کردار تک نہ پہنچنا بھتہ خوری جاری رہنے کا سبب ہے، محمد حسین محنتی

سانحہ شیر شاہ کے ملزمان کا کیفر کردار تک نہ پہنچنا بھتہ خوری جاری رہنے کا سبب ہے، محمد حسین محنتی
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی کراچی محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ شہر پر عملاً قاتلوں اور بھتہ خوروں کا راج ہے، عوام اور تاجروں کو کوئی امن و تحفظ حاصل نہیں، دنیا بھر میں تاجروں کو تحفظ دیا جاتا ہے اور پاکستان میں تاجروں کو بھتہ کی پرچیاں اور گولیاں دی جارہی ہیں، اگر سانحہ شیر شاہ کے ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچا دیا جاتا اور دہشت گردوں و بھتہ خوروں کے خلاف ٹھوس اقدامات کئے جاتے تو یہ واقعہ پیش نہ آتا، بھتہ نہ دینے پر تاجر کا قتل قابل مذمت ہے، حکومت قاتلوں اور بھتہ خوروں کو قرار واقعی سزا دے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شیر شاہ کباڑی مارکیٹ کے دورے کے موقع پر تاجروں اور دکانداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی کراچی نسیم صدیقی، سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری، صدر کباڑی مارکیٹ ایسوسی ایشن زاہد ملک اور صدر اسمال ٹریڈرز ایسوسی ایشن محمود حامد بھی موجود تھے۔ رہنماؤں نے کباڑی مارکیٹ کا دورہ کیا، تاجروں دکانداروں سے ملاقاتیں کیں اور مکمل یکجہتی کا اظہار کیا، گذشتہ دنوں بھتہ نہ دینے پر قتل کیے جانے والے تاجر قرار علی کی دکان پر بھی گئے اور ان کی مغفرت و درجات کی بلندی کی دعا کی۔

محمد حسین محنتی نے کہا کہ سانحہ شیر شاہ ملکی تاریخ کا بدترین واقعہ تھا کہ جب بھتہ نہ دینے پر درجن سے زائد تاجروں کو خون میں نہلا دیا گیا تھا، اگر اس وقت ملزمان کیفر کردار تک پہنچا دئے جاتے تو آج بھتہ خوروں کی اتنی ہمت نہ ہوتی اور اس واقعے کی نوبت نہ آتی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی دنیا کا غیر محفوظ ترین شہر بنتا جا رہا ہے، پولیس رینجرز اور دیگر سیکورٹی اداروں کی تعیناتی کے باوجود دہشت گرد اور بھتہ خور دندناتے پھرتے ہیں کیونکہ انہیں یقین ہے کہ وہ اگر پکڑے بھی گئے تو حکومت میں بیٹھے ہوئے لوگ انہیں چھڑا لیں گے، جب تک قاتل، دہشت گرد اور بھتہ خور حکومت میں شامل ہیں شہر میں امن ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ تاجر برادری ملکی صنعت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، حکومت نے انہیں تحفظ دینے کے بجائے دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ رکھا ہے مگر جماعت اسلامی تاجر برادری کے ساتھ ہے اور انہیں ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت قاتلوں بھتہ خوروں کو قرار واقعی سزا دے اور تاجروں کو محفوظ تجارت فراہم کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کرے۔ زاہد ملک نے کہا ہے کہ اگر حکومت نے ہمیں تحفظ نہ فراہم کیا تو ہم غیر معینہ مدت کیلئے مارکیٹ بند کردیں گے اور چابیاں وزیر اعلی ہاؤس کے دروازے پر پھینک دیں گے۔ اس موقع پر زاہد ملک نے 22 جون کو یوم دعا کے طور پر منانے کا اعلان کیا جس کی جماعت اسلامی نے بھرپور تائید کی۔
خبر کا کوڈ : 171383
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش