0
Tuesday 19 Jun 2012 04:30

عوام عدم تحفظ کا شکار ہیں، بدامنی کی لہر بدستور جاری ہے، ثروت اعجاز قادری

عوام عدم تحفظ کا شکار ہیں، بدامنی کی لہر بدستور جاری ہے، ثروت اعجاز قادری
اسلام ٹائمز۔ سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ بے گناہ عوام کا نشانہ وار قتل کا سلسلہ نہ رکنا ملزمان کی عدم گرفتاری حکومت اور انتظامیہ کی ناکامی ہے۔ عوام عدم تحفظ کا شکار ہیں، بدامنی کی لہر بدستور جاری ہے، روزانہ کی بنیاد پر ایک درجن افراد کو کلرز لقمہ اجل بنا رہے ہیں، حکومتی مشینری حیلے بہانے سے کام چلا رہی ہے۔ ملزمان کی عدم گرفتاری اور ٹارگٹ کلنگ کی لہر کو روکنے پر قابو نہ پانا عوام میں شکوک و شبہات اُبھار رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت پر پاک کالونی، سائٹ ایریا سے آئے ہوئے معززین کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ حکومت اپنی میعاد کے تقریباً ساڑھے چار سال پورے کرنے کے باوجود جرائم پر قابو پایا اور نہ ہی حالات بہتر بنانے کے حوالے سے ذرہ بھر اطمینان بخش کارکردگی کا مظاہرہ کر سکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امن و امان اور قیام امن کی آئینی طور پر ذمہ دار حکومت ہے لیکن میڈیا میں آنیوالی خبریں بتا رہی ہیں کہ کلرز کو سیاسی مصلحت پسندی کے تحت گرفتار نہیں کیا جاتا ہے، اسی وجہ سے قتل و غارت گری کا بازار گرم ہے اور حکومت و انتظامیہ اپنی ناکامی تسلیم کرنے یا حالات پر قابو پانے کی بجائے تاجروں کو کہہ رہی ہے کہ بھتہ خوروں کو دیکھتے ہی گولی مار دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس یا دیگر ادارے جو عوام کے ٹیکس پر پلتے ہیں وہ کیا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام یا تاجر برادری نے جس دن اسلحہ اُٹھا لیا تو پولیس کی ضرورت نہیں رہیگی، بہتر ہوگا کہ مثبت کارروائی کرتے ہوئے قیام امن کیلئے سنجیدہ فیصلے کریں اور عوام کی جان و مال کو تحفظ ہر حال میں یقینی بنائیں۔
خبر کا کوڈ : 172454
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش