0
Sunday 24 Jun 2012 14:28

یکم جولائی کو مینار پاکستان گراؤنڈ میں تحفظ پاکستان کا عہد کیا جائے گا، ایم ڈبلیو ایم

یکم جولائی کو مینار پاکستان گراؤنڈ میں تحفظ پاکستان کا عہد کیا جائے گا، ایم ڈبلیو ایم
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیراہتمام قرآن و سنت کانفرنس کے حوالے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ اس حوالے سے شہر بھر میں بینرز اور پینا فلکس لگا دیئے گئے ہیں جبکہ وال چاکنگ بھی کی گئی ہے۔ اس حوالے سے مجلس وحدت مسلمین لاہور کے ترجمان مظاہر شگری نے ’’اسلام ٹائمز‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ قرآن و سنت کانفرنس پاکستان کی تاریخ میں انتہائی اہمیت کی حامل ہوگی جس میں پورے ملک سے لاکھوں عاشقان حسینی مینار پاکستان کے سائے میں جمع ہوں گے۔ انہوں نے کہا اس حوالے سے انتظامی کمیٹیاں بھی بنا دی گئی ہیں جو اپنی اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھا رہی ہیں۔

مظاہر شگری نے مزید بتایا کہ کانفرنس کے انتظامات کے حوالے سے امامیہ اسکاؤٹس کو بھی ذمہ داریاں دی گئی ہیں اور سکیورٹی کے تمام فرائض امامیہ اسکاؤٹس سرانجام دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن و سنت کانفرنس پاکستان میں ملت تشیع کی ٹارگٹ کلنگ اور فرقہ واریت کو ہوا دینے کی استعماری سازشوں کے سامنے بند باندھ دے گی۔ انہوں نے کہا کہ پورے ملک سے علمائے کرام کی قیادت میں قافلے لاہور کا رخ کریں گے اور مینار پاکستان میں یہ کانفرنس اپنی مثال آپ ہوگی۔

مجلس وحدت مسلمین لاہور کے ترجمان کا کہنا تھا کہ 23 مارچ 1940ء کو اسی گراؤنڈ میں قرارداد پاکستان پیش ہوئی اور یکم جولائی کو اسی گراؤنڈ میں تحفظ پاکستان کا عہد کیا جائے گا اور پاکستان مخالف قوتوں پر ملک کی زمین تنگ کرنے کا عزم کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ مجلس وحدت مسلمین باقاعدہ طور پر سیاست میں آنے کا اعلان کرئے گی اور اپنے سیاسی لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کے سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس خصوصی لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 173804
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش