0
Monday 9 Jul 2012 09:08

گجرات، دہشت گردوں کی فائرنگ سے 6 فوجی اور 1 پولیس اہلکار شہید

گجرات، دہشت گردوں کی فائرنگ سے 6 فوجی اور 1 پولیس اہلکار شہید
اسلام ٹائمز۔ گجرات میں سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں پر ایک حملے میں سات فوجی اور ایک پولیس اہلکار شہید ہو گئے ہیں۔ پاک فوج کے جوانوں نے دریائے چناب کے کنارے کیمپ لگا رکھا تھا جس پر نامعلوم افرادنے اچانک حملہ کر دیا جس سے چھ فوجی جوان شہید ہو گئے۔ پولیس موبائل موقع پر پہنچی تو ملزموں نے اس پر فائرنگ کر دی جس سے ایک پولیس کانسٹیبل میں جان کی بازی ہار گیا، ملزموں کی تلاش کے لئے کوششیں جاری ہیں پولیس اور پاک فوج کے جوان مشترکہ کارروائی کر رہے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ حملہ دریائے چناب کے کنارے سکیورٹی فورسز کے ایک ریسکیو کیمپ پر کیا گیا۔ یہ کیمپ 30 مئی کو پاک فوج کے ایک ہیلی کاپٹر کے گرنے کے بعد اس میں سوار لاپتہ پائلٹ کی تلاش کے لیے لگایا گیا تھا۔ آئی ایس پی آر نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اس واقعے میں پانچ فوجی جوان زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں ملٹری ہسپتال گجرانوالہ منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

آج الصبح تقریبا ساڑھے پانچ بجے نامعلوم چار مسلح افراد جو کہ سفید رنگ کی کلٹس گاڑی نمبر GTJ-1669 اور ایک نامعلوم مسلح شخص ہنڈا 125 پر سوار تھا جنہوں نے اچانک سیکیورٹی فورس پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں چھ سیکیورٹی اہلکار صوبیدار ماجد، غلام رسول، حوالدار شاہد، نائیک عبدالرؤف، سپاہی آفتاب، جی ایم باسط اور پولیس ملازم قیصر موقع پر شہید ہو گئے حملہ اس قدر اچانک اور شدید تھا کہ کسی بھی اہلکار کو سنبھلنے کا موقع نہ مل سکا حادثہ کے بعد آرمی کے افسران اور سیکیورٹی اہلکاروں نے جائے واردات اور اس کے ارد گرد کے علاقہ کو اپنے حصار میں لے کر سیل کر دیا میڈیا سمیت کسی بھی نمائندہ کو موقع پر جانے سے روک دیا گیا واقع کے بعد گجرات کے تمام داخلی اور خارجی راستوں سمیت اہم اور حساس مقامات کی سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔

گجرات کے صدر تھانہ کے محرر ندیم عباس نے ’’اسلام ٹائمز‘‘ کو ٹیلی فون پر بتایا کہ پیر کو علی الصبح پانچ بجے کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے فوجی اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ کی جس سے 5 فوجی اہلکار موقع پر شہید ہو گئے جب کہ ان میں ایک اہلکار ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لا کر جاں بحق ہوا۔ پولیس اہلکار نے مزید بتایا کہ حملہ آوروں میں سے دو ایک موٹر سائیکل پر جبکہ چار ایک گاڑی پر سوار تھے۔ جو واردات کے بعد تیزی سے فرار ہو گئے۔

پولیس اہلکار کے بقول فائرنگ کی آواز سننے پر علاقے میں گشت پر تعینات ایک پولیس موبائل موقع پر پہنچی تو حملہ آوروں نے اس پر بھی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک پولیس کانسٹیبل شہید ہو گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں جن کی تلاش کے لیے پولیس کے علاوہ فوج کی بھی ایک ٹیم کوشاں ہے۔ دوسری جانب مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اس علاقے میں اشتہاریوں نے بھی پناہ لے رکھی ہے اور ہو سکتا ہے کہ اشتہاریوں نے اس غلط فہمی میں حملہ کیا ہو کہ فوج ان کے خلاف آپریشن کرنے آئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 177616
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش