0
Friday 20 Jul 2012 01:13

ایجنسیاں، حکومت اور سیاسی جماعتیں دہشتگردوں کی سرپرستی کر رہی ہیں، علامہ حسن ظفر نقوی

ایجنسیاں، حکومت اور سیاسی جماعتیں دہشتگردوں کی سرپرستی کر رہی ہیں، علامہ حسن ظفر نقوی
اسلام ٹائمز۔ ملت جعفریہ کو دیوار سے لگانے کی سازش کی جا رہی ہے، ٹارگٹ کلنگ بند نہ ہوئی تو ملت جعفریہ ایوانوں کا گھیراؤ کرے گی، علامہ ناصر عباس جعفری کو گلگت بلتستان سے صوبہ بدر کرنے کے احکامات دینا مہدی شاہ کی امریکی غلامی کا منہ بولتا ثبوت ہے، کراچی میں دو ماہ میں ملت جعفریہ کے 27 افراد کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا، شعائر اسلامی کی توہین ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ حسن ظفر نقوی، مولانا مرزا یوسف حسین، مرکزی سیکریٹری سیاسیات علی اوسط، صوبائی سیکریٹری اطلاعات ناصر حسینی، ڈویژنل سیکریٹری سیاسیات اصغر عباس زیدی اور ڈویژنل رابطہ سیکریٹری مولانا علی انور جعفری نے امام بارگاہ خراسان پر منعقدہ ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

کانفرنس سے علامہ حسن ظفر نقوی نے لاہور سے ٹیلیفونک خطاب کیا۔ رہنماؤں نے کہا کہ ملک بھر میں امریکی اشاروں پر شیعہ نسل کشی کی جا رہی ہے اور بانیان پاکستان کی اولادوں کے لئے ملک خداداد کی سرزمین کو تنگ کیا جا رہا ہے، ایک طرف تو ہماری ایجنسیاں، حکومت اور سیاسی جماعتیں دہشت گردوں کی سرپرستی کر رہی ہیں تو دوسری جانب گرفتار کئے جانے والے کالعدم گروہوں کے دہشتگردوں کو اعلٰی عدلیہ رہا کر رہی ہے، ہم اس اقدام کو پاکستان دشمنی سے تعبیر کرتے ہیں اور یہ بات واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ ہم ہر ملک دشمن سازش کو ناکام بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے۔

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے وزیراعلٰی سید مہدی شاہ کا ملت جعفریہ کے عظیم فرزند علامہ ناصر عباس کی گرفتاری اور ان کی صوبہ بدری کا حکم دینا دراصل یہ ثبوت پیش کر رہا ہے کہ ہمارے ملک کے حکمران امریکہ کی غلامی میں شاہ ایران کی سنت پر عمل کر رہے ہیں، لیکن سلام ہو محبان وطن گلگت بلتستان کی عوام پر کہ جنہوں نے وزیراعلٰی ہاؤس گلگت بلتستان کا گھیراؤ کیا اور وزیراعلٰی کو اپنا فیصلہ واپس لینے پر مجبور کر دیا۔
 
انہوں نے کہا کہ علامہ ناصر عباس جعفری کو صرف اس بات کی سزا دی گئی کہ انہوں نے سانحہ چلاس اور سانحہ کوہستان میں شہید ہونے والے مظلوم افراد کی حمایت اور ان کے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا، لیکن شاید مہدی شاہ نے گلگت بلتستان میں موجود دہشتگردوں سے گٹھ جوڑ کرلیا ہے، اس لئے ملت جعفریہ کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر مہدی شاہ نے دوبارہ ایسا کوئی اقدام کرنے کی کوشش کی تو مہدی شاہ کو ملک کے کسی بھی حصے میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔

رہنماؤں نے کہا کہ گزشتہ دنوں امام بارگاہ خراسان اور علم عباس (ع) پر پولیس نے بلااشتعال شیلنگ اور فائرنگ کی، شعائر اسلامی کی توہین کو ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔ ہم یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ ڈی آئی جی ایسٹ کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ورنہ ملت جعفریہ ملک گیر سطح پر اپنا احتجاج ریکارڈ کروائے گئی، اگر یہ نوبت آئی تو حکمرانوں کے لئے نیند حرام کر دیں گے۔ رہنماؤں نے کہا کہ کراچی میں دو ماہ میں ملت جعفریہ کے 27 افراد کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا، کوئٹہ میں مسلسل نسل کشی کی جا رہی ہے اور پاکستان کے دیگر علاقوں میں دہشتگردوں کی سرپرستی کی جا رہی ہے۔ ہم چیف جسٹس، آرمی چیف، صدر زرداری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ شہر قائد اور ملک کے دیگر علاقوں میں جاری شیعہ افراد کی نسل کشی میں ملوث دہشتگردوں کو سرعام پھانسی دی جائے اور ملک بھر میں بڑھتے ہوئے کالعدم تنظیموں کے نیٹ ورک کو ختم کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 180525
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش