0
Wednesday 25 Jul 2012 17:13

برما میں مسلمانوں کا قتل عام عالمی قوتوں کی سازشوں کا تسلسل ہے، مذہبی جماعتیں

برما میں مسلمانوں کا قتل عام عالمی قوتوں کی سازشوں کا تسلسل ہے، مذہبی جماعتیں
اسلام ٹائمز۔ بلوچستان کی مختلف مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے برما میں بے گناہ مسلمانوں کے قتل عام کو اسلام دشمن عالمی قوتوں کی سازشوں کا تسلسل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امت مسلمہ کے قتل عام پر نام نہاد انسانی حقوق کے علمبرداروں نے خاموشی اور چشم پوشی اختیار کرکے ثبوت دیا ہے کہ وہ مسلمانوں کو انسان نہیں سمجھتے۔ حالات کا تقاضا ہے کہ امت مسلمہ اور مسلمانوں کےخلاف ہونیوالی سازشوں کا مقابلہ کرنے کیلئے اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کیا جائے۔ جماعت اسلامی کے صوبائی امیر عبدالمتین اخوندزادہ، جمعیت علماء اسلام کے ضلعی امیر و سینیٹر حافظ حمداللہ اور جمعیت علماء اسلام نظریاتی کے مرکزی نائب امیر و ضلع کوئٹہ کے امیر نے کوئٹہ میں خبر رساں ادارے آن لائن سے گفتگو میں برما میں مسلمانوں کے قتل عام کو امت مسلمہ اور اسلام کے خلاف مذموم سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ برما میں جس طرح بے گناہ مسلمانوں کا قتل عام کیا جا رہا ہے اس پر اقوام متحدہ سمیت عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں کی خاموشی ان کے کردار کی عکاسی کرتی ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے بھی کہا تھا اور آج یہ ثابت ہو چکا ہے کہ نام نہاد انسانی حقوق کی تنظیمیں درحقیقت امریکہ اور دیگر اسلام دشمن سامراجی قوتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے قائم کی گئی ہیں۔ برما میں مسلمانوں کے قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں مسلمانوں پر جس طر ح مظالم کا سلسلہ جاری ہے۔ اس میں اسلامی ممالک کی خاموشی ایک المیہ سے کم نہیں۔ برما کے مسلمان کوئی دہشت گرد نہیں بلکہ وہ اپنے مذہبی حقوق کیلئے آواز بلند کر رہے ہیں۔ جسے برما کی حکومت غصب کرنا چاہتی ہے۔ جس کی وجہ سے آج برما میں انتہائی تشویشناک صورتحال پیدا ہوچکی ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ برما کی حکومت عالمی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مرتکب ہو رہی ہے اور ہزاروں بے گناہ مسلمانوں کا بے دردی سے قتل عام کیا جا رہا ہے۔ ایسے حالات میں تمام امت مسلمہ کو برما کی حکومت کے خلاف آواز بلند کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اپنی ذمہ داریوں کو نبھاتے ہوئے برما میں جاری مسلمانوں کی نسل کشی سے برما کی حکومت کو روکنے میں کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان ایک جسم کی مانند ہیں، جب کسی ایک حصے کو چوٹ پہنچے تو پورے جسم میں اس کا درد محسوس ہوتا ہے۔ ایسے حالات میں تمام امت مسلمہ کو ان یہودی طاغوتی قوتوں کے خلاف یکجا ہونا ہوگا تاکہ اسلام اور مسلمانوں کے خلاف جاری جارحیت اور مذموم سازشوں کا تدارک کیا جا سکے۔
خبر کا کوڈ : 181942
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش