0
Wednesday 1 Aug 2012 17:58

لبنان اور غزہ پر اسرائیلی حملے نے اس کی طاقت کا پول کھول دیا ہے، ڈاکٹر احمد ملی

لبنان اور غزہ پر اسرائیلی حملے نے اس کی طاقت کا پول کھول دیا ہے، ڈاکٹر احمد ملی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کراچی کی جانب سے ادارہ نور حق میں ’’فلسطین فلسطینیوں کا ہے‘‘ کے زیر عنوان آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس کی صدارت جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کی جبکہ اس موقع پر حزب اللہ کے سیاسی امور کے انچارج ڈاکٹر حیدر ملی اور حزب اللہ کی القدس کمیٹی کے انچارج ڈاکٹر حیدر دقماق مہمان خصوصی کی حیثیت سے موجود تھے۔ کانفرنس سے جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی، نائب امیر برجیس احمد، مسلم لیگ (ن) کے سلیم ضیاء، جمعیت علماء اسلام کے رہنما اسلم غوری، جمعیت علمائے پاکستان کے رہنما ڈاکٹر محمد صدیق راٹھور، موتمر عالم اسلامی کے میر نواز خان مروت، جمعیت علمائے اسلام (س) کے رہنما مفتی عثمان یار خان، عوامی مسلم لیگ کے محفوظ یار خان، نظام مصطفٰی پارٹی کے الحاج محمد رفیع، فلسطین فاؤنڈیشن کے مظفر احمد ہاشمی، صابر کربلائی، پی ڈی پی کے محمد صابر، مسلم لیگ شیر بنگال کے ڈاکٹر علاؤ الدین، انصارالامہ کے محمد یار خان ربانی اور دیگر نے خطاب کیا۔

اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری مسلم پرویز نے مسئلہ فلسطین اور کشمیر، برما اور آسام کے حوالے سے متعدد قراردادیں بھی پیش کیں۔ آل پارٹیز کانفرنس میں حماس کے رہنما محمود الزہار کا ویڈیو پیغام بھی سنایا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر احمد ملی نے کہا کہ فلسطین کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف بہت واضح ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ امریکہ اور استعماری قوتوں کے خلاف اپنا کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا مودودی کی فکر پوری دنیا کو روشنی فراہم کر رہی ہے۔ لبنان اور غزہ میں اسرائیلی حملے نے اس کی طاقت کا پول کھول دیا ہے۔

ڈاکٹر حیدر دقماق نے کہا کہ فلسطین کا مسئلہ عربوں کا یا مقامی مسئلہ نہیں، یہ امت کا مسئلہ ہے۔ مسجد اقصٰی کی بنیادوں کو کھوکھلا کرنے کیلئے اسرائیل مسلسل اقدامات کر رہا ہے۔ فلسطین پر مکمل کنٹرول کرنے کیلئے اسرائیل مسلسل جارحیت کر رہا ہے، مگر فلسطینی مجاہدوں نے اسرائیل کو ناکوں چنے چبوا دئیے ہیں۔ عبدالرشید ترابی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری پاکستانی قوم اور سیاسی جماعتیں فلسطین کے مسئلے کو اپنا مسئلہ سمجھتی ہیں۔ آج اگر فلسطین کا مسئلہ زندہ ہے تو صرف جہاد کی وجہ سے ہے، جب کہ عرب دنیا کے انقلاب کا عنوان بھی فلسطین کا مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح ترکی اور ایران کی حکومت امت مسلمہ کے حق میں آواز بلند کر رہی ہے، حکومت پاکستان بھی آواز بلند کرے اور اپنا کردار ادا کرے۔
خبر کا کوڈ : 184124
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش