0
Monday 13 Aug 2012 04:56

قرآن و سنت کے نفاذ تک استحصالی نظام سے نجات ممکن نہیں ہے، معراج الہدیٰ صدیقی

قرآن و سنت کے نفاذ تک استحصالی نظام سے نجات ممکن نہیں ہے، معراج الہدیٰ صدیقی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی صوبہ سندھ کے نائب امیر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا ہے کہ جب تک ملک میں قرآن و سنت کا نظام رائج نہیں ہوتا، ظلم و جبر اور استحصالی نظام سے نجات نہیں مل سکتی، استحصالی نظام کے باعث غریب غریب تر اور امیر امیر تر ہو رہا ہے، کروڑوں لوگ غربت کی لکیر کے نیچے زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں، اسلامی انقلاب کے بغیر اس استحصالی نظام کا خاتمہ نہیں ہوسکتا۔ وہ جماعت اسلامی ضلع جنوبی کے تحت آگرہ تاج میں دعوت افطار سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع جنوبی کے امیر راجہ عارف سلطان، قیم ضلع علی حسین، زون آگرہ تاج کے امیر فتح محمد، زون لیاری کے امیر عظمت اللہ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا کہ آج ایک بار پھر فتح مکہ ہمیں پیغام دے رہا ہے کہ اسلامی نظام کے غلبے کے لیے اقتدار حاصل کرنا ناگزیر ہے، جب تک ملک پر اللہ کے باغی اور اسلام دشمن قوتیں قابض رہیں گی، غربت، مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی کا دور دورہ اور عدل و انصاف ناپید رہے گا۔ قرآن و سنت کی فرمانروائی کے بغیر تبدیلی نہیں آئے گی اور بے روزگاری، مہنگائی، غربت اور ظلم و استحصال سے نجات نہیں ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کا پہلا عشرہ رحمت، دوسرا مغفرت اور تیسرا عشرہ دوزخ سے نجات ہے۔ اس میں ایک رات ایسی ہے کہ جس کی عبادت ہزار مہینوں سے بہتر ہے۔ ایک نفل ایک سنت اور ایک سنت ایک فرض کے برابر اور ایک فرض ستر فرض کے برابر ہے۔ ایک رات کی نماز پچاسی سال کی نماز کے برابر ایک رات کی نیند پچاسی سال کی نیند کے برابر، ایک رات کی غفلت پچاسی سال کی غفلت اور ایک رات کی محرومی پچاسی سال کی محرومی ہے۔ یہ تقدیر کو سنوارنے اور بگڑی کو بنانے والی رات ہے۔

معراج الہدیٰ نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی ظلم و ناانصافی کی پالیسیوں کے تسلسل نے نوجوانوں کو مایوس کردیا ہے جو کہ ملک کا مستقبل تاریک کرنے کی مذموم بیرونی کوشش ہے جسے ہم کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ رمضان کا آخری عشرہ ہم پر سایہ فگن ہے اور موقع دے رہا ہے کہ ہم توبہ و استغفار کے ذریعے جہنم سے نجات حاصل کرلیں جو دراصل حقیقی اور دائمی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کی رحمتوں سے استفادہ کے لیے اس کی تیاری اور منصوبہ بندی ہر مسلمان کے لیے بہت ضروری ہے۔ معراج الہدی صدیقی نے کہا کہ پاکستان میں نیٹو سپلائی کی بحالی قوم سے غداری ہے، پارلیمنٹ کو ربر اسٹمپ بنانے والوں کا قوم گھیراؤ کرے گی اور حکمرانوں کو اسلام آباد کے ایوانوں سے اتار پھینکے گی۔
خبر کا کوڈ : 187045
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش