0
Monday 13 Aug 2012 11:44
مسلمان متحد ہو کر یوم القدس پر اسرائیلی قبضہ کے خلاف احتجاج کریں

اسلامی مقدسات کی توہین اور مسلمانوں کی نسل کشی کے خلاف بھرپور احتجاج کیا جائے گا، علامہ عارف واحدی

اسلامی مقدسات کی توہین اور مسلمانوں کی نسل کشی کے خلاف بھرپور احتجاج کیا جائے گا، علامہ عارف واحدی
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے کہا ہے کہ عالم اسلام اس وقت تاریخ کے نازک ترین دور سے گذر رہا ہے اور فلسطین، برما اور کشمیر سمیت دیگر ممالک میں مسلمانوں کی مسلسل نسل کُشی اور اسلامی مقدسات کی توہین اہل اسلام سے اس امر کا تقاضا کرتی ہے کہ وہ متحد اور یک زبان ہو کر سامراجی صہونی قوتوں کے ظلم و بربریت اور جبر و استبداد کے خلاف صدائے احتجاج بلند کریں اور اس ضمن میں جمعتہ الوداع کے موقع پر یوم القدس کے احتجاجی اجتماعات میں اہل اسلام بھرپور شرکت کرکے اپنا ملی، مذہبی اور قومی فریضہ انجام دیں۔

شیعہ علماء کونسل پاکستان کی مرکزی القدس کمیٹی کے اجلاس میں یوم القدس کی مناسبت سے احتجاجی مظاہر ے کیلئے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے علامہ عارف حسین واحدی نے کہا کہ رمضان المبارک کے آخری جمعہ جمعتہ الوداع کی مناسبت سے امام خمینی رحمتہ اللہ علیہ کی جانب سے دنیا بھر میں یوم القدس منانے کی جو اپیل کی گئی تھی، اُس کے تحت تمام اہل اسلام علامہ سید ساجد علی نقوی کی کال پر یوم القدس کے ملک گیر مظاہروں میں بھرپور شرکت کو یقینی بنا کر اسلامی مقدسات اور مسلمانوں پر سامراجی قوتوں کے ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف موثراحتجاج کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔
 
اُنہوں نے آرگنائزنگ کمیٹی کی جانب سے پیش کردہ انتظامات کا جائزہ لیا اور اُمید ظاہر کی علامہ سید ساجد علی نقوی کی کال پر لبیک کہتے ہوئے ملک بھر میں قبلہ اول بیت مقدس پر صیہونی قبضہ اور فلسطین سمیت برما، کشمیر اور دیگر ممالک میں مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف اہل اسلام بھرپور احتجاج کرینگے۔

قبل ازیں اجلاس کے شرکاء مرکزی سیکریٹری مالیات علامہ مشتاق حسین ہمدانی، مرکزی سیکریٹری اطلاعات زاہد علی آخونزادہ، ڈویژنل صدر علامہ فرحت عباس ہمدانی مرکزی القدس کمیٹی کے آرگنائزر علامہ اشفاق حسین وحیدی اور علامہ ظفر عباس شہانی نے یوم القدس پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں میلوڈی تا آبپارہ چوک تک احتجاجی مظاہرے کے انتظامات سے سیکریٹری جنرل کو آگاہ کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ جمعتہ الوداع پر ملک بھر کی طرح راولپنڈی اسلام آباد میں بھی علامہ سید ساجد علی نقوی کی کال پربھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔
 
جس میں ہزاروں فرزندان توحید قبلہ اول بیت المقدس کی صیہونی ناپاک قبضہ سے بازیابی کیلئے آواز اُٹھائیں گے۔ جبکہ اس مظاہر ے میں تمام مکاتب فکر کے علماء و زعماء اور عوام کی بھرپور شرکت کو بھی یقینی بنا کر یوم القدس پر اتحاد بین المسلمین کا بھی عملی مظاہرہ کیا جائے گا، جو عالم اسلام کی جانب سے عالم کفر کو اہل اسلام کے مقامات مقدسہ اور مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم سے باز رکھنے کا پیغام بھی ثابت ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 187060
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش