0
Sunday 26 Aug 2012 23:44

غیروابستہ تنظیم عالمی چیلنجوں کے مقابل اپنی توانائیوں سے بھرپور استفادہ کرے، علی اکبر صالحی

غیروابستہ تنظیم  عالمی چیلنجوں کے مقابل اپنی توانائیوں سے بھرپور استفادہ کرے، علی اکبر صالحی
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ علی اکبر صالحی نے کہا ہے کہ ایران غیروابستہ تنظیم کو استحکام پہنچانے اور رکن ملکوں میں یکجہتی پیداکرنے کی بھرپور کوشش کرے گا۔ وزیرخارجہ علی اکبر صالحی نے آج تہران میں غیروابستہ تنظیم کے ماہرین کے اجلاس کی افتتاحیہ تقریب سے خطاب میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اس تنظیم پر اپنی صدارت کے دوران تنظیم کے تاریخی اہداف حاصل کرنے نیز اس کو استحکام پہنچانے کی کوشش کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ غیروابستہ تنظیم کو چاہیئے کہ وہ عالمی چیلنجوں کے مقابل اپنی توانائیوں سے بھرپور استفادہ کرے اور عالمی سطح پر امن قائم کرنے کی کوشش کرے۔ 

ایرانی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ تہذیبوں اور مذاہب کے درمیان گفتگو میں غیروابستہ تنظیم نہایت اہم کردار کی حامل ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ میں اصلاحات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کو ایک ایسا بین الاقوامی ادارہ ہونا چاہیئے جس میں ہر رکن کو فیصلہ کرنے کا حق ہو۔ وزیرخارجہ علی اکبر صالحی نے مشرق وسطٰی اور شمالی افریقہ میں عوامی تحریکوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی حکومت عوام کے جائز مطالبات کو نظر انداز نہیں کرسکتی اور علاقے میں ہر طرح کی بیرونی مداخلت اور علاقے کے حالات سے غلط فائدہ اٹھانا عوامی حکومتوں کے راستے میں روکاٹیں کھڑی کرنے کے مترادف ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ ایران سمیت غیروابستہ تنظیم کے تمام اراکین فلسطینیوں کے خلاف صیہونی حکومت کے مظالم و جرائم سے نفرت کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صیہونی حکومت کی ریاستی دہشتگردی علاقے اور امن عالم کے لئے سب سے بڑا خطرہ ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ علی اکبر صالحی نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے دہشتگردی کے خلاف جدوجہد کے بہانے 11ستمبر 2001ء کے واقعات سے اپنے تسلط پسندانہ اہداف کا جواز پیش کرنے کے لئے غلط فائدہ اٹھانا بھی مشرق وسطٰی میں بدامنی کا ایک سبب ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگيا ہے کہ غیروابستہ تنظیم مغربی حکومتوں کی حمایت یافتہ ریاستی دہشتگردی سمیت، کہ جس میں ایران کے ایٹمی سائنس دانوں کی ٹارگٹ کلنگ بھی شامل ہے، ہر طرح کی دہشتگردی کا خاتمہ کرنے کے لئے قدم اٹھائے۔
خبر کا کوڈ : 190224
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش