0
Wednesday 5 Sep 2012 19:45

یوم دفاع پاکستان کے موقع پر علامہ ساجد نقوی کا خصوصی پیغام

یوم دفاع پاکستان کے موقع پر علامہ ساجد نقوی کا خصوصی پیغام
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ اور ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے سینئیر نائب صدر علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان تاریخ کے نازک ترین دور سے گزر رہا ہے، افواج پاکستان ملک کی جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کرتی ہیں، جس کیلئے ضروری ہے کہ اتحاد و وحدت کو فروغ دیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملک بھر سے آئے ہوئے علمائے کرام کے اجتماع سے خطاب اور یوم دفاع پاکستان کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کیا۔

علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ ہمیشہ اتحاد بین المسلمین کے بانی رہے ہیں اور وحدت کیلئے آئندہ بھی اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے، کیونکہ اتحاد نہ صرف امت مسلمہ کی ضرورت ہے بلکہ اسی پر کار بند ہو کر ملکی دفاع و سلامتی کی ضمانت بھی دی جاسکتی ہے اور ملک میں استحکام آسکتا ہے۔ انہوں نے افواج پاکستان کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم کے عظیم سپوتوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر ارض وطن کی حفاظت کی، شہداء کی ان لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ آج بھی ملک کو گوناگوں مسائل و مشکلات کا سامنا ہے جبکہ ملک میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی و ٹارگٹ کلنگ نے پاکستان کی بنیادوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے، جس طرح 6 ستمبر 1965ء میں افواج پاکستان نے بیرونی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور اپنے سے دگنی فوج کا بہادری سے مقابلہ کیا اور بالآخر ثابت کر دیا کہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔ اسی جذبے کی آج بھی ضرورت ہے۔ پاکستان کو اندرونی طور پر کھوکھلا کیا جا رہا اور مذموم مقاصد کی خاطر بے گناہ و معصوم افراد کی جانوں سے کھیلا جا رہا ہے۔

اس موقع پر انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ پاک سرزمین کی حفاظت کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں اور اندرونی و بیرونی سازشوں اور داخلی سلامتی کو لاحق خطرات سے ملک کو بچانے کیلئے ازسر نو پالیسی ترتیب دی جائے، تاکہ پاکستان دنیا کے نقشے پر ایک ترقی یافتہ، مستحکم اسلامی فلاحی جمہوری مملکت کے طور پر ابھر سکے۔
خبر کا کوڈ : 193066
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش