0
Wednesday 5 Sep 2012 20:55

اسامہ آپریشن کے خفیہ راز افشا کیے جانے پر سابق امریکی کمانڈو کے خلاف کارروائی کریں گے، جارج لٹل

اسامہ آپریشن کے خفیہ راز افشا کیے جانے پر سابق امریکی کمانڈو کے خلاف کارروائی کریں گے، جارج لٹل
اسلام ٹائمز۔ امریکی وزارت دفاع پینٹاگون نے کہا ہے کہ اسامہ پر کتاب لکھنے اور اہم راز افشا کرنے پر امریکی نیوی کے سابق اہلکار کے خلاف مقدمہ چل سکتا ہے۔ پینٹاگون کے ترجمان جارج لٹل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ ایبٹ آباد آپریشن میں ہلاک کیے جانے والے القاعدہ کے رہنما اسامہ بن لادن پر لکھی گئی امریکی نیوی کے سابق اہلکار کی کتاب "نو ایزی ڈے" میں اہم راز افشا کیے گئے ہیں۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ راز افشا کیے جانے پر سابق امریکی کمانڈو کے خلاف کارروائی کے لیے وزارت دفاع تمام قانونی اختیارات کا ازسرنو جائزہ لے رہی ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ قانونی کارروائی کرنے کے لیے ان کے پاس تمام اختیارات ہیں تاہم یہ نہیں بتا سکتا کہ کون سا طریقہ اختیار کریں گے۔ اس سے قبل امریکی وزیر دفاع نے اعلان کیا تھا کہ اگر کسی امریکی کمانڈو کی کتاب میں ایبٹ آباد آپریشن کے بارے میں خفیہ راز فاش کیے گئے تو اس پر اہلکار کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ پینٹا گون کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سابق امریکی سیلز کی کتاب میں اسامہ آپریشن کے حوالے سے خفیہ اور حساس معلومات درج ہیں۔ اپنے بیان میں جارج لٹل کا کہنا ہے کہ اسامہ آپریشن میں حصہ لینے والے سابق امریکی سیلز نے اپنی کتاب نو ایزی ڈے میں دنیا کے سب سے مطلوب شخص کے آپریشن کی حساس اور خفیہ معلومات عام کیں۔ ان کا کہنا ہے کہ مصنف کو کتاب شائع کرنے سے پہلے پینٹا گون سے منظوری لینی چاہیئے تھی۔ پینٹا گون کے ترجمان نے واضح کیاکہ کتاب کی سیل پر کوئی پابندی نہیں لگائی گئی ہے۔ واضح رہے کہ مصنف نے کتاب فرضی نام سے شائع کی ہے اور امریکی عوام کے لئے منگل کے روز پہلی بار کتاب فروخت کے لئے پیش کی گئی۔

خبر کا کوڈ : 193072
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش