0
Sunday 9 Sep 2012 12:16

سندھ میں بلدیاتی نظام کی مخالفت کرنے والے عناصر جمہوریت کے کھلے دشمن ہیں، الطاف حسین

سندھ میں بلدیاتی نظام کی مخالفت کرنے والے عناصر جمہوریت کے کھلے دشمن ہیں، الطاف حسین
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ بلدیاتی نظام دنیا بھر میں جمہوریت کی نرسری اور اس کی بنیاد ہے لہٰذا جو عناصر بھی سندھ میں بلدیاتی نظام کے نفاذ کی مخالفت کر رہے ہیں وہ جمہوریت کی مخالفت کر رہے ہیں، ایسے عناصر جمہوریت کے کھلے دشمن اور آمریت پسند ہیں۔ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی جمہوریت کے خلاف آمریت پسندوں کی سازشوں کو مل کر ناکام بنادیں گے۔ مسلم لیگ نواز اپنے مذموم سیاسی مفادات کیلئے سندھ کے علیحدگی پسندوں کی حمایت کرکے دراصل پاکستان توڑنے کی سازشیں کرنے والوں کی سرپرستی کررہی ہے لیکن ایم کیو ایم کی موجودگی میں ملک توڑنے کی یہ سازش کبھی کامیاب نہیں ہوگی اور سندھ کے تمام اردو بولنے والے سندھی، سندھی بولنے والے سندھی، پنجابی، پختون، بلوچ، ہزارے وال، سرائیکی، کشمیری اور تمام قومیتوں سے تعلق رکھنے والے حق پرست عوام پاکستان توڑنے اور سندھ کو تقسیم کرنے کی سازش کو ناکام بنادیں گے۔

یہ بات انہوں نے کراچی سمیت ملک بھر میں ایم کیو ایم کے تحت جنرل ورکرز اجلاسوں سے بیک وقت ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کہی۔ بارش کے باوجود ان اجلاسوں میں لاکھوں کارکنان نے شرکت کی جن میں خواتین بھی ہزاروں کی تعداد میں شریک تھیں۔ جنرل ورکرز اجلاس کا مرکزی اجتماع لال قلعہ گراؤنڈ عزیز آباد میں منعقد ہوا۔ اپنے خطاب میں الطاف حسین نے کہا کہ لوکل باڈیز، جمہوریت کی نرسری ہیں، دنیا کے ترقی یافتہ اور مہذب ممالک میں جمہوریت قائم ہے اور جمہوریت کی بنیادی تعلیم کا آغاز بلدیاتی نظام سے ہوتا ہے۔ جو فرد یا جماعت یہ کہے کہ وہ جمہوریت پسند ہے اور وہ لوکل باڈیز کی مخالف ہے تو ایسا فرد یا جماعت جھوٹی، مکار اور منافق ہوگی۔ جو عناصر سندھ میں بلدیاتی نظام کے نفاذ کی مخالفت کررہے ہیں وہ دراصل جمہوریت کے کھلے دشمن اور آمریت پسند ہیں، ملک میں جمہوریت کی مخالفت کرنے والوں کی چاہے کوئی جماعت حمایت کرے یا ملک کا کوئی ادارہ حمایت کرے یہ عمل ملک کے مفاد میں نہیں بلکہ ملک توڑنے کے مترادف ہوگا۔

انہوں نے واشگاف الفاظ میں اعلان کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ نہ صرف صوبہ سندھ میں جمہوریت کی بنیاد لوکل باڈیز کا نظام نافذ کرے گی بلکہ پاکستان کی سلامتی و بقاء اور جمہوریت کا تحفظ بھی کرے گی۔ صوبہ سندھ نے پاکستان کے حق میں ووٹ دے کر پاکستان بنایا، بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کا تعلق صوبہ سندھ سے تھا، صوبہ سندھ کے تین وزرائے اعظم نے پاکستان اور جمہوریت کی خاطر جامِ شہادت نوش کیا اور اب انشاء اللہ صوبہ سندھ ہی پاکستان کو بچائے گا۔ انہوں نے سندھ کے تمام امن پسند عوام سے اپیل کی کہ وہ 13 ستمبر کو نام نہاد قوم پرستوں کی جانب سے ہڑتال کی کال کو یکسر نظر انداز کردیں اور اس کال کا مکمل بائیکاٹ کردیں۔
خبر کا کوڈ : 193908
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش