0
Saturday 13 Oct 2012 10:20

غیر ملکی سفیروں کا دورہ مظفرآباد، تعمیرنو کے منصوبوں کا جائزہ لیا

غیر ملکی سفیروں کا دورہ مظفرآباد، تعمیرنو کے منصوبوں کا جائزہ لیا
اسلام ٹائمز۔ صدر آزاد کشمیر سردار محمد یعقوب خان کی دعوت پر تین ممالک برونائی دارالسلام، تھائی لینڈ اور فلپائن کے سفیروں نے مظفرآباد کا دورہ کیا اور شہر میں جاری تعمیرنو کے منصوبوں کا جائزہ لیا۔ ایرا و سیرا حکام کی طرف سے صدارتی سیکرٹریٹ میں غیرملکی سفیروں کو بریفنگ دی گئی۔ صدر سردار محمد یعقوب خان کی جانب سے سفیروں کے اعزاز میں استقبالیہ بھی دیا گیا جس میں آزاد کشمیر کے وزراء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ سیکرٹری سیرا سردار رحیم خان نے اس موقع پر آزاد کشمیر کے دو ڈویژنون میں زلزلے سے ہونے والی تباہی اور تعمیرنو کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ 

انھوں نے بتایا کہ زلزلے کے بعد تعمیرنو کے مرحلے میں ترکی، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، کویت، کینیڈا، اٹلی، جرمنی، چین، سمیت دو درجن سے زیادہ ممالک نے حصہ لیا۔ مظفرآباد، راولاکوٹ اور باغ میں سکول، کالجز اور ہسپتالوں کی عالی شان عمارات تعمیر ہوئیں۔ انھوں نے بتایا کہ تعمیرنو کے 8 ہزار منصوبے شروع ہوئے جن میں سے 4693 منصوبے مکمل ہو چکے ہیں بقیہ منصوبوں پر کام جاری ہے اور بعض منصوبوں پر کام تعطل کا شکار ہے جس کی وجہ مالیاتی بحران ہے۔ گذشتہ سال پاکستان میں تباہ کن سیلاب، دہشتگردی کے خلاف جنگ اور عالمی کساد بازاری کے باعث ان منصوبوں کی تکمیل کے لیے فنڈز دستیاب نہیں ہوسکے۔ 

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر سردار محمد یعقوب خان نے کہا کہ زلزلے کے بعد تعمیرنو کے عمل میں بھرپور حصہ لینے والے دوست ممالک کے شکر گزار ہیں جنہوں نے زلزلے سے تباہ ہونے کے بعد تیزی سے اپنے پائوں پر کھڑا ہونے میں ہماری مدد کی۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں اب بھی غیرملکی تعاون کی اشد ضرورت ہے۔ پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں فرنٹ لائن پر ہونے اور عالمی کساد بازاری کے باعث مشکلات کا سامنا ہے۔ اس کے باوجود پاکستانی حکومت نے زیرتعمیر منصوبوں کی تکمیل کے لیے دو ارب روپے فراہم کرنے کا یقین دلایا ہے۔ اس موقع پر تینوں ممالک کے سفیروں نے آزاد کشمیر کے قدرتی حسن کی تعریف کی اور صدر کو یقین دلایا کہ وہ تعمیرنو کے حوالے سے ہرممکن تعاون کیلئے اپنے ممالک کو آمادہ کرنے کی کوشش کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 203119
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش