0
Sunday 14 Oct 2012 03:26

ملالہ یوسف زئی پر حملہ پاکستان پر حملہ ہے، ڈاکٹر فاروق ستار

ملالہ یوسف زئی پر حملہ پاکستان پر حملہ ہے، ڈاکٹر فاروق ستار
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کے زیر اہتمام ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی، ارکان اسمبلی اور مرکزی شعبہ جات کے ارکان کے ہمراہ اہلیانِ کراچی نے امن کی سفیر ملالہ یوسف زئی (ستارہ جرات) ان کی ہم جماعت ساتھی کائنات اور شازیہ سے بھرپور اظہارِ یکجہتی کیلئے شمعیں روشن کیں اور ان کی صحت و تندرستی اور سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں کیں۔ دعائیہ اجتماع اور شمعیں روشن کرنے کے سلسلے میں منعقدہ اجتماع میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے عوام ماؤں، بہنوں، بزرگوں اور نوجوان طلبہ و طالبات کے علاوہ معصوم بچوں اور بچیوں نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کی اور ملالہ یوسف زئی کو ان کی جرات و بہادری کو زبردست خراج تحسین پیش کیا، ان کی صحت و تندرستی اور سلامتی کیلئے دعائیں کیں۔

ملالہ یوسف زئی، کائنات اور شازیہ کی صحت و سلامتی اور اظہار یکجہتی کیلئے منعقدہ اجتماع میں ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینرز ڈاکٹر محمد فاروق ستار، انیس احمد قائمخانی، ڈاکٹر نصرت، اراکین رابطہ کمیٹی شعیب احمد بخاری، کنور نوید جمیل، ڈاکٹر صغیر احمد، نیک محمد، شاہد لطیف، اشفاق منگی، توصیف خانزادہ، سلیم تاجک، گلفراز خان خٹک، منتخب وزراء، سینیٹ، قومی و صوبائی کے اراکین، ایم کیو ایم کے مختلف تنظیمی ونگز و شعبہ جات کے ارکان، کراچی کے سیکٹرز و یونٹ کمیٹیوں کے ذمہ داران، کارکنان، ایم کیو ایم کے سینئر رہنماء عامر خان اور سینٹرل ایگزیٹو کونسل کے ارکان نے ملالہ یوسف زئی کی صحت و سلامتی کیلئے دعائیں کی اور شمعیں روشن کیں۔

دریں اثناء ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر و وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے کہا ہے کہ ملالہ یوسف زئی پاکستان کی شناخت ہے اور ملک و قوم کے روشن تابناک مستقبل کی ضمانت ہے جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔ انہوں نے پاکستان کے عوام خصوصاً کراچی کے شہریوں کو 14 اکتوبر کو جناح گراؤنڈ میں ہونیوالے جلسہ عام میں بھرپور شرکت کی دعوت بھی دی۔ وہ ایم کیو ایم کی جانب سے امن کی سفیر ملالہ یوسف زئی سے اظہارِ یکجہتی اور ان کی صحت و سلامتی کیلئے منعقدہ دعائیہ اجتماع کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ فاروق ستار نے کہا کہ الطاف حسین اور ایم کیو ایم سمجھتے ہیں کہ ملالہ یوسف زئی پر حملہ پاکستان پرحملہ ہے اور یہ پاکستان کے روشن چہرے، تابناک مستقبل اور اس سے ابھرنے والی روشنی کو گل کرنے کی گھناؤنی سازش ہے جو پوری قوم کیلئے بڑا چیلنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ زندہ قومیں وہی ہوتی ہے جو چیلنج کو قبول کرتی ہیں اور ان کا جواں مردی سے مقابلہ کرتی ہیں لہٰذا اب طے کرنا ہوگا کہ یہ قائداعظم محمد علی جناحؒ کا پاکستان ہے یا انتہاء پسندوں اور دہشت گردوں کا پاکستان ہے۔
خبر کا کوڈ : 203351
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش