0
Wednesday 17 Oct 2012 00:47

ملت ایران مغرب کے غیر دانشمندانہ مطالبات کے سامنے نہیں جھکے گی، رہبر انقلاب اسلامی

ملت ایران مغرب کے غیر دانشمندانہ مطالبات کے سامنے نہیں جھکے گی، رہبر انقلاب اسلامی
اسلام ٹائمز۔ اسلامی انقلاب کے سربراہ آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ مغرب کے تسلط پسند ممالک اس سے کہیں زیادہ ناتواں ہیں کہ وہ ایران کی بابصیرت اور مجاہد ملت کو اپنے مطالبات کے سامنے گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کرسکیں۔ رہبر انقلاب اسلامی نے آج صوبہ خراسان شمالی میں مختلف ممتاز شخصیات اور صوبائی حکام سے خطاب میں مغربی اور صیہونی ذرائع ابلاغ کے پروپیگنڈے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی حکومت اور مغربی ممالک اپنے فریب پر مبنی پروپگنڈہ میں یہ کہتے ہیں کہ ایران پر دباؤ ڈالنے کا مقصد ایران کو مذاکرات کی میز پر آنے پر مجبور کرنا ہے، جب کہ ایران نے ایٹمی مسئلے سمیت مختلف مسائل کے بارے میں مذاکرات سے کبھی خود کو الگ نہیں کیا ہے، کہ وہ دوبارہ مذاکرات کی میز پر واپس آجائے۔ 

رہبر معظم انقلاب اسلامی کا کہنا تھا کہ جو لوگ اس طرح کا پروپگينڈا کرتے ہیں ان کا ہدف یہ ہے کہ ملت ایران مذاکرات میں تسلیم ہو جائے، لیکن ایران کی مجاہد اور بابصیرت ملت کبھی بھی مغرب کے غیر دانشمندانہ مطالبات کے سامنے گھٹنے نہیں ٹیکے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ صیہونیوں نے مغربی ملکوں کے اکثر ذرا‏‏ئع ابلاغ پر قبضہ کر رکھا ہے اور یہ ذرائع ابلاغ کچھ اس طرح سے خبریں بناتے ہیں، انہیں جہت دیتے ہیں اور انہیں ذہنوں میں ڈالتے ہیں کہ مغرب سیاستدان بھی ان سے متاثر ہو جاتے ہیں۔ رہبر انقلاب اسلامی نے گذشتہ تینتیس برسوں میں اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد سے ایران کی دسیوں گنا کامیابی کی شرح کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا یہ کامیابیاں دشمن کے دباؤ، دھمکیوں اور سازشوں کے باوجود حاصل ہوئی ہیں اور ان سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ ہمارے ملک میں کوئي اندرونی اور حقیقی تعمیری طاقت ہے جو یہ سارے کام کر رہی ہے۔ 

سید علی خامنہ ای کا کہنا تھا کہ یہ واضح اور ناقابل انکار حقیقت دشمن کے مقابل اسلامی جمہوریہ ایران کی طاقت کو ظاہر کرتی ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے کہا کہ عالمی سطح پر سامراج سے مقابلے کی ثقافت میں اضافہ ہوا ہے اور دشمن سے مقابلے کا ایک میدان عالمی سطح پر انجام دئیے جانے والے مذاکرات ہیں اور ایران کے حکام، مذاکرات کی میز پر ہوں، یا مختلف ٹریٹیبیونوں پر ہوں پختہ، جامع اور صحیح بات کرتے ہیں۔ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای نے داخلی سطح پر استحکام کو ظاہری استحکام کا باعث قرار دیا اور کہا کہ اسی وجہ سے آج اسلامی جمہوریہ ایران کے نئے نئے نظریات نے جن میں جمہوریت، تسلط پسندی سے مقابلہ جیسے مفاہیم شامل ہیں، قوموں کو متاثر کیا ہے اور اسی سے سامراج پریشان ہو چکا ہے اور یہ سلسلہ خدا کے فضل و کرم سے جاری رہے گا۔
خبر کا کوڈ : 204114
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش