0
Wednesday 7 Nov 2012 02:03

داخلی محاذ پر درپیش امن و امان کا مسئلہ تمام مسائل کی جڑ بن رہا ہے، علامہ امین شہیدی

داخلی محاذ پر درپیش امن و امان کا مسئلہ تمام مسائل کی جڑ بن رہا ہے، علامہ امین شہیدی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ امین شہیدی نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت سنگین بحرانوں کا شکار ہے، داخلی محاذ پر درپیش امن و امان کا مسئلہ تمام مسائل کی جڑ بن رہا ہے۔ اور قومی وحدت، بدگمانیوں، انتشار و افتراق کی زد میں ہے، انتخابی سیاست کے مکر و فریب نے قومی یکجہتی کا تحفظ نہیں کیا، بلکہ عوام کی آراء کو تقسیم در تقسیم کر رکھا ہے، ان حالات میں ملی یکجہتی کونسل کی ازسر نو تشکیل و تنظیم نو کا مقصد قومی وحدت کا فروغ ہے تاکہ پاکستان کو درپیش خطرات ٹال کر امن و ترقی کی راہ پر گامزن ہونے میں آسانیاں پیدا ہوں۔ وہ منگل کو مظفر آباد میں ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے منعقدہ اجلاس کے بعد ایم ڈبلیو ایم آزاد کشمیر کے عہدیداروں سے ایک خصوصی نشست میں خطاب اور صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم آزاد کشمیر کے سیکرٹری جنرل علامہ تصور حسین نقوی الجوادی بھی موجود تھے۔

علامہ امین شہیدی نے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل خالصتاً مذہبی سیاسی تحریک ہے، اور انتخابی سیاست سے اس کا کوئی تعلق نہیں، کونسل کے قائم شدہ شعبہ جات اور کمیشنز کو فعال کیا جا رہا ہے، تاکہ ملی یکجہتی کے فروغ کے اہداف حاصل کئے جا سکیں، انھوں نے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل، ایم ایم اے کے مقابلے میں نہیں، قبل ازیں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فرقہ پرستی کے پیچھے موجود دماغ پاکستان میں خانہ جنگی سی کیفیت سے دوچار کرنا چاہتے تھے، اس لئے شیعہ، سنی مسلمانوں میں موجود چودہ سو سالہ اختلافات کو اُبھارنے کی کوششیں کی گئیں، کفر اور واجب القتل کے فتوے داغے گئے، لیکن وقت اور حالات نے شیعہ، سنی کو لڑانے کی سازشوں میں کٹھ پتلیاں بننے والے مٹھی بھر لوگوں کے چہروں سے نقاب اُلٹ دیئے۔
 
ایک سوال کے جواب میں علامہ امین شہیدی نے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل کے مقاصد نیک، اہداف بلند تر ہیں، اس لئے خالصتاً مذہبی پلیٹ فارم پر نفاق کی سوچ پر کار بند کسی فرد یا افراد کیلئے کوئی گنجائش نہیں رکھی گئی، مسلمانوں کے پلیٹ فارم پر وہی حلقے متحرک ہیں جو ایک دوسرے کے ایمان اور کفر کے فیصلے نہیں کرتے، اور صرف ملی یکجہتی کا فروغ چاہتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 209789
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش