0
Wednesday 7 Nov 2012 14:19

دیامر بھاشا ڈیم میں ماحولیاتی اثرات کے بارے میں واپڈا نے تجزیاتی رپورٹ جمع کرادی

دیامر بھاشا ڈیم میں ماحولیاتی اثرات کے بارے میں واپڈا نے تجزیاتی رپورٹ جمع کرادی
اسلام ٹائمز۔ دیامر بھاشا ڈیم میں ماحولیاتی اثرات کے بارے میں واپڈا نے تجزیاتی رپورٹ بناکر محکمہ تحفظ ماحولیات کے دفتر میں جمع کرادی ہے۔ ذرائع کے مطابق محکمہ تحفظ ماحولیات سے این او سی حاصل کرنے کے لئے واپڈا نے ای آئی اے رپورٹ بنا کر ای پی کے دفتر میں جمع کرا دی۔ جس کے مطابق ای پی کے زیراہتمام عوامی رائے جاننے کے لئے پہلا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں واپڈا کے حکام سمیت دیگر اداروں کے ٹیکنیکل اسٹاف اور دیامر کے عمائدین نے شرکت کی۔ اجلاس میں ای پی اے کے حکام نے ماحولیات پر اثرات کے حوالے سے عوامی رائے معلوم کی اور دوسرے اجلاس کے بعد تفصیلی رپورٹ جاری کرنے کا اعلان کیا۔

محکمہ تحفظ ماحولیات گلگت بلتستان کے ڈائریکٹر شہزاد حسن شگری نے کہا کہ مختلف ترقیاتی منصوبوں کا ماحولیات پر اثرات کا جائزہ لینے کی رپورٹ (ای آئی اے) کے بعد محکمہ تحفظ ماحولیات عوامی رائے معلوم کرتی ہے اور اس منصوبے کے بارے میں مختلف زاویوں سے تفصیلی جائزہ لیا جاتا ہے تاکہ مستقبل میں اس منصوبے سے ماحول کو کسی قسم کا نقصان نہ پہنچ سکے، اس لئے محکمہ تحفظ ماحولیات ای آئی اے کے بعد عوامی شنوائی اور جائزے کے بعد اس منصوبے پر کام کرنے کے لئے کنڈیشنل این او سی جاری کرتی ہے تاکہ قدرتی ماحول پر اس منصوبے کے برے اثرات مرتب نہ ہو سکیں۔

انہوں نے کہا کہ دیامر بھاشا ڈیم کی ای آئی اے کے بعد عوامی شنوائی کے لئے دوسرا اجلاس بہت جلد منعقد ہوگا جس کے بعد این او سی دینے یا نہ دینے کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں مختلف منصوبوں سدپارہ ڈیم، شاہراہ قراقرم سمیت دیگر کا ای آئی اے کروا کر عوامی شنوائی کے بعد کنڈیشنل این او سی جاری کر دیئے گئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 209924
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش