0
Thursday 8 Nov 2012 12:27

گلگت بلتستان میں سیاحت کے لئے سازگار ماحول ہے، ڈپٹی کمشنر گلگت

گلگت بلتستان میں سیاحت کے لئے سازگار ماحول ہے، ڈپٹی کمشنر گلگت
اسلام ٹائمز۔ ڈپٹی کمشنر گلگت ارقم طارق نے کہا ہے کہ پورے ملک کی نسبت گلگت بلتستان میں سیاحت کے لئے سازگار ماحول ہے، قدرتی وسائل سے بھرپور اس علاقے میں سیاحت کے شعبے کی ترقی پر توجہ نہ دی گئی تو مستقبل میں اس علاقے نہ صرف سیاحت کا شعبہ زوال پزیری کا شکار ہوگا بلکہ ماحولیاتی آلودگی کے مسئلے سے بھی یہ علاقہ دوچار ہوسکتا ہے۔ عالمی یوم ذمہ داری سیاحت کے حوالے سے مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ارقم طارق نے کہا کہ گلگت بلتستان قدرتی وسائل سے مالا مال خطہ ہے، اس علاقے میں سیاحت کے شعبے کو فروغ دے کر کثیر زر مبادلہ کمایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت گلگت بلتستان میں سیاحت کے شعبے کی ترقی اور قدرتی ماحول کو بہتر بنانے کے لئے مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ خصوصا پلاسٹک بیگز کے نقصانات کے بارے میں عوام میں شعور اجاگر کرانے کے لئے سیمنارز کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی این جی او کے ساتھ مل کر گلگت میں صفائی ستھرائی کے حوالے سے بہت جلد ایک پائیلٹ پراجیکٹ پر کام شروع کیا جا رہا ہے جس کے تحت ابتدائی طور پر 500 گھروں میں مقامی رضاکار پلاسٹک بیگ سمیت کوڑا کرکٹ کو جمع کرینگے اور انہیں ماحولیاتی قوانین کے تحت تلف کیا جائیگا۔ جس کے بعد گلگت شہر میں 3 ہزار گھرانوں تک اس مہم کو پھیلایا جائیگا تاکہ گلگت ایک ماڈل سٹی بن سکے۔

ڈی سی گلگت نے کہا کہ منتخب عوامی نمائندوں کے ذریعے سے ماحولیات کے قوانین کو گلگت شہر میں بھی عملدرآمد کرانے کے لئے اسمبلی سے قراردار پیش کر وانے کی کوشش کی جائے گی تاکہ قدرتی ماحول میں آلودگی پھیلانے کا سبب بننے والے آلات پر پابندی عائد کی جاسکے۔ تقریب کے دوران گلگت سرینا ہوٹل کے جنرل منیجر خالد مٹھا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان قدرتی خوبصورتی میں اپنی مثال آپ ہے اس علاقے میں بر وقت ماحولیاتی مسائل پر قابو پانے کی ضرورت ہے تاکہ مستقبل میں آلودگی کے گھمبیر مسائل پیدا نہ ہوسکیں۔

انہوں نے کہا تمام افراد کو شعور و آگاہی کا مظاہر ہ کرتے ہوئے قدرتی وسائل کا تحفظ اور بقاء کے لئے کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وسائل سے غلط استعمال سے آنے والی نسلوں کے لئے مسائل پیدا ہونے کا خطرہ ہے۔ تقریب کے دوران محکمہ سیاحت کے ڈپٹی ڈائریکٹر یاسر حسین گلگت بلتستان ٹور آپریٹرز ایسوسی ایشن کے صدر رحمت نبی اور گلگت سرینا ہوٹل کے رسپانسبل ٹورازم کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر اصغر خان نے بھی خطاب کیا۔ اس تقریب میں سکول کے بچوں نے سیاحت کے موضوع پر مختلف ٹیبلوز پیش کئے جنہیں حاضرین نے شاندار الفاظ میں داد دی۔
خبر کا کوڈ : 210208
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش