0
Wednesday 14 Nov 2012 11:53

عالمی اسلامی تحریکوں کے رہنمائوں کا 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منانے کا اعلان

عالمی اسلامی تحریکوں کے رہنمائوں کا 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منانے کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ عالمی اسلامی تحریکوں نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کرتے ہوئے 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منانے کا اعلان کیا ہے۔ جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی کی طرف سے عالمی اسلامی تحریکوں کے رہنمائوں کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے میں افغانستان کے سابق وزیر اعظم انجینئر احمد شاہ زئی، تاجکستان کی تحریک اسلامی کے رہنما ڈاکٹر محی الدین، ترکی کی سعادت پارٹی کے رہنما ادھو زمان ترک، ایران کے آیت اللہ محسن محمدی عراقی اور کئی دوسرے ممالک کے رہنمائوں نے شرکت کی اور کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے سابق امیر قاضی حسین احمد، سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لیاقت بلوچ اور دوسری شخصیات بھی موجود تھیں۔ 

تقریب میں اسلامی تحریکوں کے رہنمائوں نے اس موقع پر کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما غلام محمد صفی کی طرف سے پیش کیے جانے والے اعلامیہ کی منظوری بھی دی۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 5 فروری کو کشمیریوں سے یکجہتی کے لیے یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منایا جائے گا۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ فلسطین کی طرح کشمیر بھی امت مسلمہ کے دلوں کی دھڑکن ہے۔ مقبوضہ خطے میں ہونے والے مصائب و آلام کا نوٹس لیا جانا چاہیے۔ تنازعہ کشمیر دو ایٹمی ممالک پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک نہ ختم ہونے والی کشیدگی کا باعث بھی ہے۔ جسے کسی زبردستی ٹھونسے گئے حل یا فارمولے سے نہیں بلکہ اقوام متحدہ کی قراددادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے تحت حل کر کے ہی ختم کیا جا سکتا ہے جو ہر ایک کے مفاد میں ہے۔ 

اس موقع پر اسلامی دنیا پر زور دیا گیا کہ بھارت پر ہر طرف سے تنازعہ کشمیر کے پائیدار، حتمی اور منصفانہ حل کے لیے معاشی اور سیاسی دبائو ڈالا جائے۔ اعلامیے میں اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ دنیا میں قیام امن کی خاطر کشمیر کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور او آئی سی پر زور دیا گیا کہ نہ صرف حقوق انسانی کی خلاف ورزیاں رکوائے بلکہ کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔
خبر کا کوڈ : 211714
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش