0
Wednesday 14 Nov 2012 20:01
ملک دشمن عناصر انتشار پھیلا رہے ہیں

دہشتگردی کیخلاف جنگ کو کمزور کرنے کیلئے کراچی میں حالات خراب کئے جا رہے ہیں، صدر زرداری

دہشتگردی کیخلاف جنگ کو کمزور کرنے کیلئے کراچی میں حالات خراب کئے جا رہے ہیں، صدر زرداری
اسلام ٹائمز۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ کراچی کے خراب حالات ریاست کی ناکامی نہیں ہے، کراچی میں حالات خراب کرنا دہشت گردوں کی حکمت عملی کا حصہ ہے، تاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کو کمزور کیا جاسکے۔ منڈی بہاءالدین کے علاقے ملکوال میں عید ملن پارٹی کے موقع پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے صدر زرداری نے کہا کہ دہشت گرد کراچی میں حالات خراب کرکے ہمیں الجھانا چاہتے ہیں، کراچی میں ملک دشمن عناصر انتشار پھیلا رہے ہیں۔ اِس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ انتخابات اپنے وقت پر ہوں گے، انتخابات صاف اور شفاف ہونگے، ووٹر فہرستیں ایسی بنائی ہیں کہ کوئی دھاندلی نہ ہوسکے۔

انہوں نے کہا کہ ہر جگہ سے طاقت لاکر پاکستان کو مستحکم کرنا چاہتے ہیں، ملک 5 سال کی فلاسفی پر نہیں چل سکتے، اس سے آگے بڑھنا ہوگا، ہم چاہتے ہیں ساری سیاسی قوتیں مل کر پاکستان کی خدمت کریں، ہمارے مخالفین بھی مانتے ہیں کہ ہمارے ہوتے ہوئے پارلیمنٹ مدت مکمل کر رہی ہے، ہم نے کسی ایک جماعت کیلئے نہیں ہمیشہ پاکستان کیلئے کام کیا، ملک آگے بڑھے گا تو ہم سب آگے بڑھیں گے، ورنہ ہم سب ڈوب جائیں گے۔ صدر کا یہ بھی کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی جوانی کے دن پنجاب کی جیلوں میں گزارے، لڑنے والا نہیں، درد سہنے والا بہادر ہوتا ہے، عوام سے بڑی طاقت کسی کی نہیں ہے، پاکستان کو ایسا مہذب ملک بنائیں گے کہ دنیا کا ہم پر سے شک ختم ہوجائیگا، آج جو کام کر رہے ہیں، وہ آیندہ نسلوں کیلئے کر رہے ہیں، ملک اور عوام کو ضرورت پڑی تو اپنے پیٹ پر پتھر باندھیں گے۔

دیگر ذرائع کے مطابق ضلع منڈی بہاؤالدین کے شہر ملکوال میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی عید ملن پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے صاف شفاف انتخابات کے لیے انتظامات مکمل کر لیے ہیں، عوام جسے چاہیں ووٹ دیں، جیتنے والی پارٹی کو اقتدار منتقل کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو تاریخ نے زندہ رکھا ہے، جس نے دکھ سہ کر بھی ملکی سلامتی اور استحکام کی بات کی ان کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتیں آئندہ پانچ سالہ اور پچاس سالہ ترقی کے پروگراموں کے لیے مذاکرات کریں۔ صدر مملکت نے کہا کہ بے نظیر بھٹو اپنی زندگی میں کہتی رہیں کہ 1990ء کے انتخابات میں پیپلز پارٹی کا مینڈیٹ چرایا گیا ہے، جو تاریخ نے اصغر خان کیس کے ذریعے ثابت بھی کر دیا ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ کراچی میں بدامنی ریاستی ناکامی نہیں، یہ انتہا پسندوں کی کارروائی ہے جو ہمیں مجبور کرنا چاہتے ہیں کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ سے ہاتھ کھینچ لیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جمہوریت مضبوط ہو رہی ہے، اب ہر طاقت پارلیمنٹ کے سامنے جھکتی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی کتنا بھی بڑا ملک ہو، جمہوری پاکستان کو ڈرا دھمکا نہیں سکتا۔ صدر زرداری نے کہا پاکستان مضبوط ریاست بن چکا ہے، دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ لڑی جا رہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 211835
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش