0
Friday 16 Nov 2012 22:12

غزہ پر اسرائیلی مظالم بربریت کی بدترین مثال ہے، علامہ امین شہیدی

غزہ پر اسرائیلی مظالم بربریت کی بدترین مثال ہے، علامہ امین شہیدی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے شروع ہوتے ہی غزہ میں اسرائیلی درندوں کا حملہ ظلم و بربریت کی بدترین مثال ہے، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، ملت اسلامیہ صیہونی مظالم کا راستہ روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے، مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹریٹ سے جاری ہونے والے ایک پریس ریلیز میں انہوں نے کہا کہ صیہونیوں نے اپنی مذموم روایات کو دہراتے ہوئے وحشیانہ انداز میں حملہ کرکے خواتین اور بچوں سمیت ایک درجن سے زائد افراد کو موت کی نیند سلا دیا ہے۔

انہوں نے کہا افسوسناک بات یہ ہے کہ مظلوم فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف عالمی برادری تو کجا عالم اسلام کی جانب سے بھی کوئی آواز بلند نہیں ہوئی، مسلم ممالک کا یہ طرز عمل مظلوموں کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے۔ علامہ امین شہیدی نے کہا کہ محرم الحرام سیدالشہداء کی عظیم تحریک کا مہینہ ہے، یہ وہ مہینہ ہے جس میں حق باطل کے مقابلے میں کھڑا ہوا، آج مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کا راستہ روکنے کے لیے ضروری ہے کہ ملت اسلامیہ کو متحد ہو کر حسینی عزم کے ساتھ میدان عمل میں اترے۔

انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین (ع) نے ملوکیت، بادشاہت، ظلم، تسلط، جبر، آمریت اور لادینیت کے خلاف قیام کرکے تمام مکاتب فکر اور شعبہ ہائے حیات سے وابستہ طبقات کو ایک راستہ دکھایا، آج اسی راستے پر چلتے ہوئے ظلم و جبر کے خلاف آواز بلند کرنے کی ضرورت ہے۔ مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل نے اتحاد امت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ملت اسلامیہ سے اپیل کی کہ وہ بلاتفریق رنگ و نسل، دین و مذہب متحد ہو جائیں۔

علامہ امین شہیدی نے کہا کہ مسلم امہ کو انفرادی مسائل و مفادات کو پس پشت ڈال کر مظلومیت کی حمایت میں آواز بلند کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کا ازلی دشمن اسرائیل اور سرپرست امریکہ ہمارے باہمی اختلافات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بے گناہ انسانوں کا خون بہا رہا ہے، اس کا راستہ فقط وحدت کی قوت کے ساتھ ہی روکا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کے اتحاد کی جتنی ضرورت آج ہے، پہلے کبھی نہیں تھی۔
خبر کا کوڈ : 212419
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش