0
Thursday 22 Nov 2012 14:12

مجالس و جلوس کو محدود کرنے کی سازش کسی صورت بھی قبول نہیں، علامہ سبیل حسن

مجالس و جلوس کو محدود کرنے کی سازش کسی صورت بھی قبول نہیں، علامہ سبیل حسن
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین صوبہ خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل علامہ سبیل حسن مظاہری نے راولپنڈی اور کراچی میں بم دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کراچی اور راولپنڈی میں دھماکے عزاداری کو محدود کرنے کی سازش ہے۔ جسکو ہرحال میں ناکام بنادینگے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عزاداری ہماری شہہ رگ حیات ہے۔ ہم اپنی جان دے سکتے ہیں مگر عزاداری سے ایک قدم بھی پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں۔ حکومت کو چاہئے کہ وہ محرم الحرام میں مجلس و جلوسوں کا تحفظ دے۔ صرف زبانی کلامی دعوئوں سے کچھ نہیں ہوگا۔ بلکہ حکومت عملی اقدامات کرے۔ کالعدم جماعتوں کے خلاف کارروائی شروع کی جائے اور ان کے رہنمائوں کی نقل حرکت پر نظر رکھے۔
 
انہوں نے مزید کہا کہ یہ بات نہایت ہی افسوسناک ہے کہ راولپنڈی میں خودکش بمبار جلوس کے اندر تک پہنچ جاتا ہے اور اُسے روکنے والا کوئی نہیں ہوتا۔ ہم پنجاب حکومت کے ان ناقص سیکورٹی انتظامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کرتے ہیں کہ واقعہ کی صرف رپورٹ طلب نہ کی جائے بلکہ اس واقعہ کے ذمہ داروں کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہنگو اور پشاور سمیت خیبر پختونخوا بھر میں سیکورٹی کو ہائی الرٹ کیا جائے تاکہ کوئی ناحوشگوار واقعہ رونماء ہو سکے۔
خبر کا کوڈ : 214303
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش