0
Friday 30 Nov 2012 22:14

عورتوں کو زیور تعلیم سے آراستہ نہ کرنا ایک سنگین جرم ہے، راجہ پرویز اشرف

عورتوں کو زیور تعلیم سے آراستہ نہ کرنا ایک سنگین جرم ہے، راجہ پرویز اشرف
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ معاشرے میں توازن پیدا کرنے کیلئے خواتین کو مردوں کے برابر لانا چاہتے ہیں، موجودہ حکومت نے خواتین کو بااختیار بنانے اور ان کے حقوق کے تحفظ کیلئے انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں، عورتوں کو زیور تعلیم سے آراستہ نہ کرنا ایک سنگین جرم ہے، وہ جمعہ کو اسلام آباد کے کنونشن سنٹر میں فاطمہ جناح وویمن یونیورسٹی راولپنڈی کے سالانہ کانووکیشن میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب سے یونیورسٹی کے چانسلر گورنر پنجاب سردار لطیف کھوسہ، وائس چانسلر ڈاکٹر ثمینہ امین قادر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ کانووکیشن طالبات کی زندگی میں اہم سنگ میل ہے تمام طالبات کو مبارکباد دیتا ہوں، ہمارے تعلیمی داروں کا مقصد نوجوان نسل کی صلاحیتوں کو قوم کی خدمت اور ترقی میں کردار ادا کرنے کیلئے نکھارنا ہے تاکہ ہمارے خواب کو حقیقت میں بدل سکیں۔ 

انہوں نے کہا کہ موجودہ جمہوری حکومت خواتین کے حقوق کے تحفظ اور انہیں بااختیار بنانے پر یقین رکھتی ہے خواتین آبادی کا نصف حصہ ہیں ان کو تعلیم سے محروم کرنا جرم ہے۔  خواتین کو مردوں کے شانہ بشانہ کھڑا کرنے کیلئے انہیں زیور تعلیم سے آراستہ کرینگے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پی پی پی نے اپنے ہر دور حکومت میں خواتین کی تعلیم و تربیت اور انہیں معاشرے میں نمایاں مقام دلانے کیلئے انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی بی شہید پہلی خاتون تھیں جنہوں نے سیاست میں خواتین کو نمایاں مقام دلوایا موجودہ اسمبلی نے خواتین کے حقوق کے لئے چوبیس بل منظور کئے ہیں۔ نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا اجراء کیا۔ خواتین کو مردوں کے برابر لانا چاہتے ہیں تاکہ معاشرے میں برابری اور اس میں توازن پیدا ہوسکے۔
خبر کا کوڈ : 216620
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش