0
Friday 14 Dec 2012 19:44

ایران کے ایٹمی مسئلہ پر مذاکرات میں کافی پیشرفت ہوئی ہے، آئی اے ای اے

ایران کے ایٹمی مسئلہ پر مذاکرات میں کافی پیشرفت ہوئی ہے، آئی اے ای اے
اسلام ٹائمز۔ بین الاقوامی ایٹمی انرجی ایجنسی کے ڈپٹی ڈائریکٹر Herman Nackaerts نے جمعرات کے روز تہران میں ایٹمی انرجی کے حکام سے ایران کے ایٹمی پروگرام کے بارے میں مذاکرات کئے۔ تہران سے واپسی پر ویانا ایئر پورٹ پر خبرنگاروں کے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ تہران میں ہونے والے مذاکرات میں پیشرفت ہوئی ہے۔ Herman Nackaerts کا مزید کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ آئندہ مذاکرات 16 جنوری کو ہوں گے، اور ان مذاکرات میں اس مسئلہ پر مزید گفتگو کی جائے گی۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا 16 جنوری 2013ء کو ہونے والے مذاکرات میں تہران کے ساتھ کسی توافق پر پہنچ جائیں گے۔
 
اس سے پہلے عالمی ایٹمی انرجی ایجنسی میں ایران کے مستقل نمائندے علی اصغر سلطانیہ نے تہران میں جمعرات کو ہونے والے ایک روزہ مذاکرات کے بعد پریس ٹی وی کے ساتھ گفتگو میں کہا تھا کہ بین الاقوامی ایٹمی انرجی ایجنسی کے ساتھ مذاکرات کا آئندہ دور جنوری 2013ء میں ہوگا۔ علی اصغر سلطانیہ کا کہنا تھا کہ اس دور میں ہونے والے مذاکرات تعمیری تھے اور ان میں کافی پیشرفت حاصل ہوئی ہے۔
 
Herman Nackaerts جو کہ عالمی ایٹمی انرجی ایجنسی کے انسپکٹر بھی ہیں، سات رکنی وفد کے ہمراہ جمعرات کی صبح تہران پہنچے تھے۔ ایران اور عالمی ایٹمی انرجی ایجنسی کے درمیان 24 اگست 2012ء کو ویانا میں بھی مذاکرات کا ایک دور ہوا تھا۔ امریکہ، صیہونی حکومت اور ان کے اتحادی ہمیشہ سے ایران پر ایٹمی پروگرام کو فوجی مقاصد کے لئے استعمال کرنے کا الزام لگاتے رہے ہیں، جبکہ ایران نے ہمیشہ ہی ان کے اس دعویے کو مسترد کیا ہے اور اس بات پر تاکید کی ہے کہ اس نے ایٹمی عدم پھیلاو کے معاہدے این پی ٹی پر دستخط کر رکھے ہیں اور وہ عالمی ایٹمی انرجی ایجنسی کا ایک ذمہ دار رکن ہونے کے ناطے ایٹمی ٹیکنالوجی کو پرامن مقاصد کے لئے  استعمال کرنے کا پورا حق رکھتا ہے، اور وہ اپنے اس قانونی حق سے کبھی بھی دستبردار نہیں ہوگا۔
 
دیگر ذرائع کے مطابق اسلامی جمہوری ایران اور ایٹمی انرجی کی عالمی ایجنسی کا چھٹا مذاکراتی دور گذشتہ شب تہران میں ختم ہوگیا۔ ایسنا خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یہ مذاکراتی دور جو جمعرات کی صبح شروع ہوا تھا رات کو اختتام پذیر ہوگیا۔ درایں اثناء ایٹمی انرجی کی عالمی ایجنسی ميں اسلامی جمہوری ایران کے مستقل نمائندے علی اصغر سلطانیہ نے کہا کہ ایران اور ایٹمی انرجی کی عالمی ایجنسی کے مذاکرات کا آئندہ دور 16 جنوری کو تہران میں منعقد ہوگا۔ علی اصغر سلطانیہ نے مزید کہا کہ ایٹمی ایجنسی کے نمائندوں کا ایک روزہ دورہ تہران بہت ہی کامیاب رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 221243
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش