0
Monday 17 Dec 2012 10:33

ایل او سی پر خاردار تار لگانے سے کشمیریوں کو جدا نہیں کیا جا سکتا، میرواعظ عمر فاروق

ایل او سی پر خاردار تار لگانے سے کشمیریوں کو جدا نہیں کیا جا سکتا، میرواعظ عمر فاروق
اسلام ٹائمز۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت میں کشمیریوں کے حق خودارادیت کے بارے میں کوئی دو رائے نہیں ہیں اور نہ ہی لائن آف کنٹرول پر خاردار تاروں کے ذریعے کشمیریوں کی آزادی کی خوشبو کو قید کیا جا سکتا ہے۔ آر پار کے کشمیریوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں اور دونوں طرف کی قیادت کو تسلسل کے ساتھ رابطوں کو بڑھاتے ہوئے حق خودارادیت کے حصول کے لیے مشترکہ کوششیں کرنی چاہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے مظفرآباد پہنچنے کے بعد آزاد کشمیر کے صدر سردار محمد یعقوب سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر حریت راہنمائوں کے وفد کے اراکیں پروفیسر عبدالغنی بٹ، عباس انصاری، بلال غنی لون، مصدق عادل، بختاور وازمی، آغا سید حسن الموسوی کے علاوہ آزاد کشمیر اسمبلی کے وزیراعظم اور دیگر ارکان بھی موجود تھے۔ 

میر واعظ نے مزید کہا کہ آر پار کی کشمیری قیادت سمیت عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔ لیکن جموں و کشمیر کے سینے پر کھینچی گئی جبری خونی لکیر نے ایک بھائی کو دوسرے بھائی سے جدا کر رکھا ہے۔ آزادی کی تحریکوں میں مصائب و مشکلات آتے رہتے ہیں۔ مگر جبر و ظلم و بربریت کے باوجود کشمیری عوام کو حق خودارادیت کی جدوجہد سے ہرگز روکا نہیں جا سکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم نے آر پار دوریاں ختم کرنے کی جو شروعات کی ہیں اس سے یقینا دوررس نتائج برآمد ہوں گے۔ پوری دنیا میں تبدیلی کی ہوا چل رہی ہے اور وقت دور نہیں جب کشمیری عوام بھی اپنا حق خودارادیت حاصل کر کے رہیں گے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر اور آزاد خطہ کے عوام نے جس طرح ہمارا استقبال کیا اس کے لیے ہم ان کے شکرگزار ہیں اور اس طرح کے اقدامات آرپار کی دوریوں کو ختم کرنے میں یقینا مددگار ثابت ہوں گے اور ان رابطوں کو آپس کے رشتوں کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ کاوشیں کرنے کی ضرورت ہے۔
خبر کا کوڈ : 222002
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش