0
Friday 28 Dec 2012 00:01

پروفیسر غفور احمد کو سپرد خاک کردیا گیا، نماز جنازہ میں ہزاروں افراد کی شرکت

پروفیسر غفور احمد کو سپرد خاک کردیا گیا، نماز جنازہ میں ہزاروں افراد کی شرکت
اسلام ٹائمز۔ بزرگ سیاستدان اور جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر معروف پارلیمنٹرین پروفیسر غفور احمد کی نماز جنازہ ادارہ نور حق میں ادا کردی گئی۔ جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن نے نماز جنازہ پڑھائی جبکہ سید منور حسن اور سابق امیر قاضی حسین احمد نے مختصر خطاب میں پروفیسر غفور احمد کی ملی و قومی خدمات پر زبرست خراج تحسین پیش کیا۔ بعد ازاں پروفیسر غفور احمد کو ہزاروں سوگواران کی موجودگی میں سخی حسن کے قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ سید منور حسن نے پروفیسر غفور احمد کی نمازجنازہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پروفیسر غفور احمد ایک عہد ساز شخصیت کا نام ہے، وہ اپنی ذات میں ایک انجمن تھے، اتحادوں کی سیاست مفاہمت سے شروع ہوتی ہے اور پروفیسر غفور احمد کو یہ اعزاز حاصل تھا کہ وہ لوگوں کو جوڑ کر رکھتے تھے، جو لوگ تصادم اور محاذ آرائی پر آمادہ تھے انہوں نے ان سب کو یکجا کیا، ملک جب سر زمین بے آئین تھا اس وقت پروفیسر غفور احمد نے آئین کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا، ختم نبوت کی تحریک میں بھی وہ پیش پیش رہے، ہماری دعا ہے کہ اللہ ان کی مغفرت فرمائے اور جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا کرے۔ قاضی حسین احمد نے کہا کہ پروفیسر غفور احمد کو اللہ نے دین کی خدمت کیلئے لمبی عمر عطا فرمائی وہ اوائل عمری ہی میں اللہ کے دین کی سربلندی کیلئے جماعت اسلامی سے وابستہ ہوگئے تھے۔ اللہ کے دین کی سربلندی ان کی زندگی کا اولین مقصد تھا، انہوں نے پوری زندگی لوگوں کو اللہ کے دین کی طرف دعوت دی، وہ ہر سیاسی جماعت اور مکتبہ فکر میں مقبول تھے۔

نماز جنازہ میں دفاع پاکستان کے کونسل کے سربراہ مولانا سمیع الحق، جمعیت اتحاد العلماء پاکستان کے صدر مولانا عبدالمالک، اہلسنت و الجماعت پاکستان کے سربراہ مولانا محمد احمد لدھیانوی، انصار الامہ پاکستان کے سربراہ مولانا فضل الرحمن خلیل، متحدہ قومی موومنٹ کے عامر خان، کنور خالد یونس، مہاجر قومی موومنٹ کے شمشاد غوری، بزرگ سیاستدان معراج محمد خان، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد، مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر مشاہد اللہ خان، غوث علی شاہ، سلیم ضیاء، نہال ہاشمی، تحریک انصاف کے عارف علوی، زبیر خان، فردوس شمیم نقوی، جمعیت علمائے اسلام کے حافظ حسین احمد، قاری محمد عثمان، نصیر الدین سواتی، مولانا عمر صادق، حماد اللہ شاہ، دفاع پاکستان کونسل کے رہنما حمید گل، مسلم لیگ قیوم کے خان امان اللہ خان، عبداللہ گل، سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے سربراہ سید جلال محمود شاہ، سابق وفاقی وزیر حلیم صدیقی، مسلم لیگ فنکشنل کے امتیاز احمد شیخ، سیکریٹری خزانہ وقار مسعود، ایس آئی یو ٹی کے سربراہ ادیب رضوی، نظام مصطفی پارٹی کے الحاج محمد رفیع، منہاج القرآن کے سید ظفر اقبال قادری، جمعیت علمائے اسلام (س) کے مفتی عثمان یار خان، اے این پی کے گل آفندی، سنی تحریک کے مطلوب اعوان، جے یو آئی کے اسلم غوری، علامہ مرزا یوسف حسین، شیعہ علماء کونسل کے علامہ جعفر سبحانی، ایڈمنسٹریٹر کراچی محمد حسین سید سمیت مختلف اقلیتی رہنما بھی موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 225633
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش