0
Sunday 4 Apr 2010 09:36

قلم،جیل اور پھانسی کا کوئی خوف نہیں،صدر زرداری

قلم،جیل اور پھانسی کا کوئی خوف نہیں،صدر زرداری
 نوڈیرو:اسلام ٹائمز-جنگ نیوز کے مطابق صدر مملکت اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ اٹھارویں ترمیم اور ملک میں جمہوریت کے قیام سے شہیدوں کا بدلہ لے لیا ہے۔ان کا کہنا تھا ہمیں قلم،جیل،پھانسی یا کسی اور چیز کا خوف نہیں۔ہماری طاقت کسی کرسی یا عمارت سے نہیں عوام سے ہے۔گڑھی خدابخش بھٹو میں سابق وزیر اعظم اور پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو کی 31ویں برسی کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے صدر آصف زرداری نے کہا کہ ان کی حکومت میں دوسال میں جمہوریت مضبوط ہوئی ہے۔18ویں ترمیم کو اپنی جیت سمجھتے ہیں اسے آئندہ چند روز میں پارلیمنٹ سے متفقہ طور پر منظور کرائیں گے۔صدر نے کہا کہ انھوں نے کمانڈ اینڈ کنٹرول پہلے ہی وزیر اعظم کو دے دیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت نے اپنا بدلہ لے لیا ہے،جمہوریت پاکستان پر چھا رہی ہے۔اگر تمام صوبوں کو ان کا حق مل رہا ہے تو اس پر گڑھی خدا بخش کو سلام ہے۔73 کے آئین کی بحالی بھی گڑھی خدا بخش کا احسان ہے۔ہماری سیاست یہیں سے شروع ہوتی ہے اورہماری موت سے سفر ختم نہیں،بلکہ اس کاآغاز ہو گا۔ 
شہید محترمہ بے نظیر نے ذوالفقار علی بھٹو کے فلسفے کو آگے بڑھایا۔آج ہم ان کے مشن کو اسی طرح آگے بڑھائیں گے۔اور جسے چاہیں گے بادشاہ بنائیں گے،جسے چاہیں گے فقیر۔قلم یا کسی اور چیز کا کوئی خوف نہیں ہے۔صدرزرداری نے کہا کہ ملک میں بڑی غربت ہے اس کا انھیں بھی احساس ہے،اور تمام مسائل کا ادراک ہے،ہم ملک کو نیاپاکستان بنائیں گے اور تمام مسائل کو حل کریں گے۔بے نظیر انکم اسکیم کے تحت آج بہت سے غریبوں کو ماہانہ رقم فراہم کی جا رہی ہے۔لیکن ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔ 
ذوالفقارعلی بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے صدر زرداری کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے محلوں میں رہنے کی بجائے شہادت کو گلے لگایا ور امر ہو گئے۔آج سے چالیس سال پہلے ذوالفقار علی بھٹو کو شہید کیا گیا۔تاریخ میں بھٹو جیسے لوگ کم آتے ہیں۔یہ بھٹو ہی تھے جنہوں نے ملک کو جمہوریت کی راہ پر ڈالا۔یہی وجہ ہے کہ آج بھی بھٹو زندہ ہے اور بھٹو ازم زندہ رہے گا بلکہ وقت اور شعور کے ساتھ مزید بڑھے گا۔انھوں نے کہا کہ بہت سے لوگ نہیں چاہتے کہ ملک میں جمہوریت قائم رہے۔لیکن انھیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔اب تک جتنی بھی سازشیں ہوئی ہیں جمہوریت سے ہی جواب دیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے کسی اور سے نہیں پاکستان کے دشمنوں سے جنگ کی،اس لیے ہمارے مخالفین اب پیچھے ہٹ رہے ہیں اور پورے ملک میں پاکستان کا جھنڈا لہرا رہا ہے۔ 
اے آر وائی نیوز کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ قلم،پھانسی یا موت انھیں ڈرا نہیں سکتی،طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں،جسے چاہیں گے بادشاہ بنائیں اور جسے چاہیں گے فقیر بنا دیں گے۔اٹھارہویں ترمیم منظور ہونے کے بعد آمریت کا ہمیشہ کے لئے خاتمہ ہو جائے گا۔ نوڈیرو میں پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس سے خطاب میں انہوں کہا کہ دہشتگردی کے خلاف عوام کو فوج کےساتھ ملکر صف آرا ہونا ہو گا،دہشتگردی کی جنگ امریکا کے اشارے پر نہیں بلکہ اپنی نسلوں اور ملک کو بچانے کے لئے لڑ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہادت ہماری منزل اور عوام کی خدمت ہمارا ایمان ہے۔ملکی سلامتی کے لئے پیپلز پارٹی کے کارکن ہراول دستے کا کردار ادا کرتے ہوئے ہمیشہ شہادتیں پیش کرتے رہیں گے۔انکا کہنا تھا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے قتل کے حوالے سے اقوام متحدہ کی رپورٹ پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکنوں کے حوصلے ایک بار پھر بلند مضبوط کر دے گی۔اٹھارویں آئینی ترمیم کے اسمبلی میں پیش ہونے پر وہ گڑھی خدابخش کے شہداء کو خراج عقیدت اور کارکنوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 23025
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش