0
Tuesday 15 Jan 2013 14:53

رینٹل پاور کیس، سپریم کورٹ کا وزیراعظم سمیت 22 ملزمان کو گرفتار کرنیکا حکم

رینٹل پاور کیس، سپریم کورٹ کا وزیراعظم سمیت 22 ملزمان کو گرفتار کرنیکا حکم
اسلام ٹائمز۔ سپریم کورٹ نے رینٹل پاور کیس میں وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کو گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔ وزیراعظم سمیت رینٹل پاور کیس کے 19 ملزمان کا نام ای سی ایل میں شامل کر دیا گیا ہے۔ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے رینٹل پاور عمل درآمد کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس نے حکم دیا کہ راجہ پرویز اشرف سمیت 22 ملزمان کا چالان پیش کرکے انہیں گرفتار کیا جائے۔ عدالت نے مزید کہا کہ اگر ان ملزمان میں کوئی ایک بھی بیرون ملک فرار ہوا تو چیئرمین نیب ذمہ دار ہونگے۔ سپریم کورٹ نے وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سمیت تمام ملزمان کی گرفتاری سے متعلق دو دن میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔ نیب نے سپریم کورٹ کی ہدایت کی روشنی میں رینٹل پاور کیس میں کرپشن کے دو الگ الگ ریفرنس تیار کئے ہیں۔ دونوں ریفرنسوں میں وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کو ملزم نامزد کیا گیا۔ ایک ریفرنس میں 22 اور دوسرے میں 16 افراد کو ملزم نامزد کیا گیا ہے۔ 

ریفرنسوں کے دیگر ملزمان میں سابق وزیر خزانہ شوکت ترین، سابق سیکریٹری خزانہ سلمان صدیق، سابق سیکریٹری وزارت پانی وبجلی شاہد رفیع، سابق سکریٹری سعیدالظفر اور سابق ایم ڈی ایس این جی پی ایل منور بصیر بھی شامل ہیں۔ ریفرنس نیب عدالت میں دائر کیے جائیں گے۔ سپریم کورٹ نے رینٹل پاور منصوبوں میں کرپشن کا ازخود نوٹس لیا تھا۔ کئی سماعتوں کے بعد عدالت نے گذشتہ سال کیس کا فیصلہ سنایا۔ فیصلہ میں نیب کو ہدایت دی گئی تھی کہ جن وزراء اور سیکرٹریوں کے ادوار میں رینٹل پاور پروجیکٹز لگائے گئے ان کے خلاف ریفرنس دائر کیے جائیں۔ وزیر پانی و بجلی کی حثیت سے راجہ پرویز اشرف کرائے کے بجلی گھروں کے بہت سے منصوبے لائے تھے۔ انہوں نے عدالت میں بیان دیتے ہوئے یہ اقرار بھی کیا تھا کہ کرائے کے کئی بجلی گھروں کے ٹھیکے بغیر ٹینڈر دیئے گئے۔ دوسری جانب ذرائع کے مطابق وزیراعظم سمیت رینٹل پاور کیس کے 19 ملزمان کا نام ای سی ایل میں شامل کر دیا گیا ہے۔ ملک بھر کے ائر پورٹس پر امیگریشن حکام کو آگاہ کر دیا گیا ہے اور ائر پورٹس پر وی آئی پیز گیٹ بند کر دیئے گئے ہیں۔

دیگر ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان نے وزیراعظم پاکستان راجہ پرویز اشرف اور ان کے ساتھ دوسرے سولہ افراد کی گرفتاری کا حکم جاری کر دیا ہے۔ منہاج القرآن پاکستان کے سربراہ علامہ طاہر القادری نے عوامی انقلاب سے خطاب کرتے ہوئے عوام کو اس اہم خبر سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ رحمان ملک کو بھی گرفتار کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارا عوامی انقلاب رنگ لے آیا۔ انہوں نے زور دیا کہ ان تمام مجرموں کے نام ای سی ایل پر فوری ڈال کر انہیں گرفتار کیا جائے۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے رینٹل پاور کیس میں وزیراعظم راجہ پرویزاشرف کو گرفتار کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے رینٹل پاور کیس کی سماعت کی۔ سپریم کورٹ نے سماعت کے دوران حکم دیا کہ سابق وزیر پانی و بجلی اور موجود وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف سمیت 16 ملزمان کو 24 گھنٹے میں گرفتار کرکے چالان پیش کیا جائے۔ عدالت نے مزید کہا کہ اگر ان ملزمان میں کوئی ایک بھی بیرون ملک فرار ہوا تو چیئرمین نیب ذمہ دار ہونگے۔ سپریم کور ٹ نے کہا کہ ملزمان کو گرفتار کرکے کل تک رپورٹ پیش کی جائے۔
خبر کا کوڈ : 231486
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش