0
Friday 18 Jan 2013 19:48

دولت و اقتدار کے پجاری کردار سے عاری ہیں،فضل کریم

دولت و اقتدار کے پجاری کردار سے عاری ہیں،فضل کریم
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ آئینی و انتخابی ذریعے سے آنے والی تبدیلی ہی پائیدار ہو گی، عوام اپنے ووٹ کے درست استعمال سے انتخاب کو انقلاب کا ذریعہ بنائیں،تبدیلی کی حامی قوتیں ’’سٹیٹس کو مسٹ گو‘‘ کے نعرے پر متحد ہو جائیں، مہنگائی اور بیروزگاری نے غریب عوام کو نڈھال اور بے حال کر دیا ہے،اشرافیہ بدمعاشیہ بن چکی ہے، پوری قوم کے لیے قابل قبول نگران حکومتیں بنائی جائیں۔

سنی اتحاد کونسل کے ٹریڈرز ونگ کے چیئرمین شیخ اظہر سہیل کی طرف سے دیئے گئے ظہرانے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن تمام سیاسی پارٹیوں سے تحریری وعدہ لے کہ وہ آئین میں رکھی گئی شرائط کے مطابق صادق، امین، باکردار اور اہل امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ دیں گی، پاکستان دشمن قوتیں اندرونی اور بیرونی محاذوں پر سرگرم ہیں، قوم موجودہ عوام دشمن استحصالی اور ظالمانہ نظام سے بیزار ہو چکی ہے اور بامعنی تبدیلی چاہتی ہے،ایسی تبدیلی جو عام آدمی کی زندگی بدل دے، عوام نجات دہندہ کی تلاش میں ہے۔

صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ ملک میں لاقانونیت اور کرپشن کا راج ہے، کراچی میں ٹارگٹ کلنگ معمول بن چکی ہے اور ملک کی معاشی حالت خطرناک حد تک خراب ہو چکی ہے، ناقص طرز حکمرانی نے ملک تباہ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دولت و اقتدار کے پجاری کردار سے عاری ہیں۔ ظہرانے میں پیر محمد اطہر القادری، الحاج سرفراز تارڑ، ملک بخش الٰہی، میاں فہیم اختر، محمود چوہدری، شاہد اقبال، معین الحق علوی، نواز کھرل، صاحبزادہ صابر گردیزی، حاجی رانا شرافت علی قادری، حنیف چوہدری، صاحبزادہ حسین رضا ایڈووکیٹ، رائے صلاح الدین کھرل ایڈووکیٹ اور دیگر نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 232388
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش