0
Thursday 17 Jan 2013 20:45

ناموس مصطفی (ص) کا تحفظ امت کا سرمایہ حیات ہے، جماعت اہلسنت

ناموس مصطفی (ص) کا تحفظ امت کا سرمایہ حیات ہے، جماعت اہلسنت
اسلام ٹائمز۔ جماعت اہلسنت سندھ کے نائب ناظم اعلی علامہ سید شاہ مظہر الحق قادری نے کہا کہ رسولوں کی تعظیم اور تکریم دراصل اللہ تعالیٰ ہی کی تعظیم اور تکریم ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناموس مصطفی کا تحفظ امت کا سرمایہ حیات اور ایمان کی بنیاد ہے، آپ کا اسوہ حسنہ ہر زمانے میں مسلمانوں کی قوت کاسر چشمہ رہا ہے اور تاقیامت انشاءاللہ رہے گا لیکن اس کے ساتھ کم ظرف کوتاہ نظر گروہ بھی رہا ہے جس نے حضور اکرم کی سیرت و شخصیت، عزت و ناموس کے ساتھ بے ادبی کی ہے اور یہ بے ادب گستاخان رسول ہر زمانے میں نہ صر ف رسواء ہوئے ہیں بلکہ نشان عبرت بن گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مدینہ مسجد لانڈھی، بابر مارکیٹ لانڈھی، چراغ ہوٹل لانڈھی نمبر 5، کورنگی نمبر 5، میدان اہلسنت کورنگی نمبر 6 میں استقبال ربیع الاول کے سلسلے میں پرچم کشائی کرتے ہوئے کیا۔

دریں اثناء شہر بھر کے مختلف علاقوں میں جماعت اہلسنت سندھ کے زیر اہتمام استقبال ربیع الاول بعنوان تحفظ ناموس رسالت کے اجتماعات سے علامہ سید حمزہ علی قادری، علامہ محمد اکرم سعیدی، پروفیسر غلام عباس قادری، قاضی نور الاسلام شمس، محمد احمد صدیقی، محمد اظہر خان قادری، پیر محمد افضل نقشبندی، صوفی ارشد علی کاظمی، صاحبزادہ سید عبدالقادر شاہ شیرازی نے خطابات کیے۔ علماء نے کہا کہ مسلمان کا ایمان ہے کہ اللہ تعالی کی ذات اقدس کے بعد حضور نبی کریم ہی کا مقام افضل و اعلی اور بلند و بالا ہے۔

علامہ محمد اکرم سعیدی نے خطاب میں کہا کہ قرآن مجید کے ذریعہ رب العالمین نے اپنی بات کا وسیلہ حضور نبی کریم کی ذات اقدس کو بنایا۔ درحقیقت اللہ کی بارگاہ میں پہنچنے کا ذریعہ اور وسیلہ حضور کی ذات ہے۔ قرآن کی حقیقت کو سنت مصطفی پر عمل پیرا ہوکر ہی سمجھا جا سکتا ہے۔ علامہ سید حمزہ علی قادری نے خطاب میں کہا کہ حضور اکرم کی حیات مبارکہ سے دنیا کی تہذیب میں انقلاب برپا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضور اکرم کی حد درجہ تعظیم و توقیر کرنا عاشقان مصطفی کا طرہ امتیاز رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 232056
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش