0
Sunday 20 Jan 2013 10:56

مسئلہ کشمیر جنگ نہیں مذاکرات سے حل ہو گا، آل پارٹیز کانفرنس

مسئلہ کشمیر جنگ نہیں مذاکرات سے حل ہو گا، آل پارٹیز کانفرنس
ااسلام ٹائمز۔ آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے صدر سردار عتیق احمد خان کی دعوت پر مقامی ہوٹل میں ایک آل پارٹیز کشمیر کانفرنس منعقد ہوئی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین مولانا فضل الرحمان نے مہمان خصوصی کے طور پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی کوئی بھی حکومت مسئلہ کشمیر سے دستبردار نہیں ہو سکتی۔ اٹھارہ کروڑ پاکستانی تحریک آزادی کشمیر کے پشت بان ہیں۔ کشمیر ہماری زندگی اور موت کا مسئلہ ہے۔ پاکستان کی عوام مسائل اور مشکلات کے باوجود تحریک آزادی کشمیر میں مصروف کار بھائیوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کی داخلی صورت حال نے مسئلہ کشمیر کو جو نقصان پہنچایا ہے کشمیر کمیٹی نے اس کے ازالے کے لیے بھرپور اقدمات کر رہی ہے۔ پاکستان کی خارجہ پالیسی کے محور میں مسئلہ کشمیر کو نظرانداز نہیں ہونے دیا جائے گا۔ 

مولانا فضل الرحمن نے پاکستان کی داخلی، خارجی اور مغربی سرحدوں پر ہونے والے تبدیلیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بھارت بڑا ملک ہے عالمی طاقتوں کے اس کے ساتھ اقتصادی مفادات وابستہ ہیں۔ جنہیں نظرانداز نہیں کیا جا سکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ایک مستقل باب ہے جو کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت دینے سے ہی بند ہوسکتا ہے۔ چیئرمین کشمیر کمیٹی نے قوم کو ہندوستان کے جارحانہ عزائم سے باخبر رہنے کی ضرورت سے آگاہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستانی عوام کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق حق خودارادیت دلانے کے لیے ان کے شانہ بشانہ لڑنے کو تیار ہے۔ 

وزیراعظم آزاد کشمیر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کی حکومت اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داریوں کو پورا کرتے ہوئے دونوں اطراف کے کشمیریوں کے درمیان پل کا کردار ادا کرنا چاہتی ہے۔ ہم پہلے پاکستانی اور پھر کشمیری ہیں۔ پاکستان کو ہم پر اعتماد کرنا چاہیے۔ کشمیری پاکستانیوں سے بڑھ کر خود کو پاکستانی سمجھتے ہیں۔ وہ دفاع پاکستان، استحکام پاکستان اور ملکی نظریاتی سرحدوں کے دفاع کے لیے 65 سالوں سے قربانیاں دے رہے ہیں۔ چوہدری عبدالمجید نے ہندوستانی جارحیت کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے شہداء کے ورثاء کو یقین دلایا کے ان کا خون رائیگاں نہیں جائے گا تحریک آزادی ضرور کامیاب ہوگی۔ مسئلہ کشمیر پر ہم سب ایک ہیں ہم سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر بھارتی جارحیت کا مقابلہ کریں گے۔ 

کانفرنس کے میزبان سردار عتیق خان نے اپنے ابتدائی خطاب میں کانفرنس کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر ہونے والی تبدیلیوں اور ہندوستان کی حکومت، اپوزیشن اور افواج کے جارحانہ بیانات کے نتیجے میں قوم کو ایک متفقہ موقف پر لانے کے لیے اس قسم کی کانفرنسیں آئندہ بھی منعقد کی جائیں گی۔ انھوں نے کہا کہ ہندوستان ایک ایسے وقت میں ایک نئی مہم کا آغاز کیا ہے جب وہ پاکستان کی طرف سے ایم ایف این کا درجہ دینے کا منتظر ہے۔ انھوں نے کہا کہ کانفرنس کے ذریعے قوم کو بھارت کی جارحانہ اقدامات کے توڑ کے لیے متوقع خطرات سے آگاہ کرنا ہے اور کشمیری قیادت کا موقف بھی سامنے لانا ہے جس پر آگے چل کر جدوجہد کو منظم کیا جا سکتا ہے۔ 

کانفرنس میں امیر جماعت اسلامی پروفیسر عبدالرشید ترابی، صدر جموں و کشمیر لبریشن لیگ عبدالمجید ملک، اے پی ایچ سی کے رہنمائوں محمود احمد، غلام احم صفی، سید یوسف نسیم، ائی ڈی پی کے صدر سید غلام رضا نقوی، جمعیت اہلحدیث کے پروفسیر شہاب الدین مدنی، تحریک جعفریہ کے رہنما علامہ کفایت حسین نقوی، جماعت الدعوۃ کے مولانا عبدالعزیز اور تحریک انصاف کے زاہد عباسی سمیت دیگر مقامی سیاسی و مذہبی رہنمائوں نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 232867
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش