0
Tuesday 29 Jan 2013 22:49

رحمن ملک کا بیان حکومتی ناکامی کا اعتراف ہے، رحمت وردگ

رحمن ملک کا بیان حکومتی ناکامی کا اعتراف ہے، رحمت وردگ
اسلام ٹائمز۔ تحریک استقلال کے مرکزی صدر رحمت خان وردگ نے کہا ہے کہ کراچی کے متعلق رحمان ملک کے بھیانک بیان سے حکومت کی بدترین ناکامی کا اعتراف ہوتا ہے اور اس اعتراف کے بعد حکومت کے پاس سیاسی و اخلاقی طور پر حکومت کرنے کا کوئی جواز باقی نہیں رہتا اس لئے حکومت فوری طور پر مستعفی ہو کر نگران حکومت قائم کرے۔ یہ بات انہوں نے جنرل سیکرٹری کراچی سٹی قاری ظہور احمد بھٹی سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں اگر کوئی منظم سازش کام کر رہی ہے تو اس کے سدباب کے لئے حکومت کہاں ہے؟۔ انہوں نے کہا کہ خدانخواستہ اگر کراچی میں کچھ بھی ہوا تو اسکی ذمہ دار صرف اور صرف حکومت وقت ہی ہو گی کیونکہ کسی بھی سازش کے متعلق آگاہ کرنا صرف ایجنسیوں کا کام ہے اور اس سازش سے نبرد آزما ہونا حکومت وقت کی ذمہ داری ہے اور اپنی ناکامی کسی دوسرے ادارے پر ڈالنا مزید جرم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خدانخواستہ اگر کراچی میں کوئی بھی سازش کام کر رہی ہے تو اس پر قابو پانے کیلئے تمام مذہبی وسیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ یک زبان ہو کر پاکستان کی معاشی شہہ رگ کی حفاظت کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیشہ سے خفیہ ایجنسیوں کے خلاف بلاوجہ زہر اگلا جاتا ہے اور اب وفاقی وزیر داخلہ جیسی اہم ذمہ داری پر فائز شخص کا اس طرح کا بیان حیران کن اور ناکامیوں کا اعتراف ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں تمام مکاتب فکر کی ذمہ داری ہے کہ جذبہ حب الوطنی کے تحت کسی بھی گھناؤنی سازش کا ملکر مقابلہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ رحمن ملک کو اپنے بیان پر غور کرنا چاہئے ایسا بیان ایک وزیر داخلہ کو کسی طور بھی زیب نہیں دیتا اور جاتے جاتے حکومت ایسے کام کرتے جا رہی ہے جن کی وجہ سے ان کے مقدر میں ذلالت لکھ دی جائے گی اور تاریخ ایسے حکمرانوں کو معاف نہیں کیا کرتی۔
خبر کا کوڈ : 235807
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش