0
Friday 1 Feb 2013 22:57

مقبوضہ کشمیر میں لاگو افسپا سنگین پامالیوں کی سیڑھی ہے، ہیومن رائٹس واچ

مقبوضہ کشمیر میں لاگو افسپا سنگین پامالیوں کی سیڑھی ہے، ہیومن رائٹس واچ
اسلام ٹائمز۔ عالمی حقوق البشر کی تنظیم ہیومن رائٹس واچ نے افسپا کو سنگین پامالیوں کی سیڑھی قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اسی قانون کی وجہ سے بھارت کے شورش زدہ علاقوں میں سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں آبروریزی اور دیگر پامالیوں کے واقعات رونما ہوتے ہیں، بھارت میں جنسی زیادتیوں اور خواتین کے خلاف دیگر جرائم پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایچ آر ڈبلیو نے اپنی 665 صفحات پر مشتمل تازہ رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ بھارت میں بشری حقوق کی صورتحال میں مزید ابتری پیدا ہوئی ہے، مذکورہ رپورٹ برائے 2013ء میں گذشتہ برس بھارت کے شورش زدہ علاقوں بشمول کشمیر، شمالی مشرقی ریاستوں اور دیگر علاقوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ افسپا کی وجہ سے بھارت کی فوج اور دیگر سیکورٹی ایجنسیاں سنگین نوعیت کی حقوق انسانی پامالیوں کی مرتکب ہورہی ہیں، ہیومن رائٹس واچ کی ڈائریکٹر برائے جنوبی ایشیاء میناکشی گانگولی نے لندن میں ایچ آر ڈبلیو کی طرف سے جاری کردہ تازہ رپورٹ کے بارے میں بتایا ہے کہ بھارت کی حکومت نے ملک کی مختلف ریاستوں میں لاگو افسپا کی منسوخی کے بارے میں کوئی عملی اقدامات نہیں اٹھائے جس کے باعث اس قانون کی آڑ میں سیکورٹی فورسز کے افسر اور اہلکار سنگین نوعیت کی حقوق انسانی پامالیوں بشمول آبروریزی کے مرتکب ہورہے ہیں۔
 
انہوں نے متنازعہ قانون افسپا کی فوری منسوخی کا مطالبہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ اگر بھارت میں حقوق انسانی پامالیوں اور خواتین کے خلاف جرائم بشمول آبروریزی کے واقعات پر روک لگانا ہے تو لازمی طور افسپا کو ہٹایا جانا چاہیے، ایچ آر ڈبلیو نے اپنی رپورٹ میں دوران حراست قیدیوں کو جسمانی اذیت کا نشانہ بنائے جانے کے ساتھ ساتھ غداری سے متعلق کیس درج کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے قوانین اور ٹارچر کے اس طریقہ کار سے بھی شہریوں کے بنیادی حقوق چھینے جارہے ہیں، رپورٹ میں سوشل میڈیا نیٹ ورک پر عائد کی جانے والی پابندیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ اس طرح کے حربوں سے اظہار رائے کی آزادی پر کاری ضرب لگ رہی ہے، اس دوران ہیومن رائٹس واچ کی ڈائریکٹر برائے جنوبی ایشیاء میناکشی گانگولی نے 16 دسمبر 2012ء کو نئی دہلی میں ایک جواں سال میڈیکل طالبہ کی اجتماعی آبروریزی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ بھارت کے دیہی علاقوں میں ایسے واقعات آئے دنوں رونما ہورہے ہیں جس کے باعث بھارت میں خواتین کے تحفظ پر سوالیہ نشان لگ چکا ہے۔
خبر کا کوڈ : 236503
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش