0
Friday 8 Feb 2013 12:12

کشمیری خودارادیت کا بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حق حاصل کر کے رہیں گے،مجید

کشمیری خودارادیت کا بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حق حاصل کر کے رہیں گے،مجید
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت کو مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے آمادہ کرے۔ انھوں نے کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ کی بھی شدید مذمت کی اور کہا کہ اس طرح کے ہتھکنڈے کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ سول سیکرٹریٹ میں موسم بہار کی شجرکاری کا آغاز اور مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ کشمیری خودارادیت کا بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حق حاصل کر کے رہیں گے۔ بھارت کی ۸ لاکھ افواج جابرانہ اقدامات اور جابرانہ ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیر پر زیادہ عرصہ تک اپنے غیرقانونی اور جابرانہ تسلط کو برقرار نہیں رکھ سکتا۔ کشمیریوں نے بھارت سے آزادی حاصل کرنے کا عزم کر رکھا ہے۔ کشمیری عوام کا راستہ روکنا اب بھارت کے بس میں نہیں رہا۔ 

چوہدری عبدالمجید نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ یو این چارٹر کے مطابق کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق دے تاکہ کشمیری عوام اپنے مستقبل کا فیصلہ کر سکیں۔ انھوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادیں مسئلہ کشمیر کے حل کا بہترین روڈ میپ ہیں۔ برصغیر جنوبی ایشیاء میں امن مسئلہ کشمیر کے حل سے مشروط ہے۔ 

انھوں نے کہا کہ تحریک آزادی کے بیس کیمپ میں پیپلز پارٹی کی حکومت انسانیت کی فلاح و بہبود کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔ آزاد کشمیر میں پارٹی لیڈرشپ کے ویژن کو اجاگر کرنے اور پارٹی منشور پر عملدرآمد کے لیے ایسی عوامی حکومت ہے جس کے اقتدار کے دروازے ۲۴ گھنٹے عوام کے لیے کھلے ہیں۔ عوام کو بلاتخصیص جدید سہولتوں کی فراہمی کے لیے حکومت ٹھوس منصوبہ بندی کے تحت عمل پیرا ہے۔
خبر کا کوڈ : 238036
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش