0
Sunday 10 Feb 2013 01:50

پشاور کی ملت تشیع کا ٹارگٹ کلنگ کیخلاف تاریخی احتجاج کرنے کا فیصلہ

پشاور کی ملت تشیع کا ٹارگٹ کلنگ کیخلاف تاریخی احتجاج کرنے کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ پشاور میں ملت تشیع کی نمائندہ تنظیموں نے شہر میں جاری ٹارگٹ کلنگ کے خلاف تاریخی احتجاج کرنے اور مختلف علاقوں میں سیکورٹی کے انتظامات رضارکار نوجوانوں کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ امام بارگاہ خان صاحب ملک رحمان مروی ہا پشاور میں منعقدہ اجلاس میں کیا گیا۔ اس اجلاس میں تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی جانب سے میجر (ر) حسنین کاظمی، امامیہ جرگہ کے رہنماء مظفر علی اخونزادہ، مجلس وحدت مسلمین ضلع پشاور کے سیکرٹری جنرل محمد علی کربلائی کے علاوہ مختلف ماتمی سنگتوں کے سالار، مقامی انجمنوں کے رہنماوں سمیت شیعہ عمائدین نے شرکت کی۔ اجلاس میں پشاور میں بڑھتے ہوئے ٹارگٹ کلنگ کے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔ اور شرکاء اجلاس نے کھل کر اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ 

اجلاس میں بحث و مباحثہ کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ پولیس اور حکومت چونکہ شیعہ افراد کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہو گئی ہے، لہذا مختلف مقامات پر شیعہ نوجوان سیکورٹی کے فرائض خود سرانجام دیں گے۔ اس کے علاوہ تمام شیعہ تنظیموں کے رہنماء جلد ایک پریس کانفرنس کے ذریعے اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ جس کے بعد پشاور میں تاریخی احتجاج کیا جائے گا۔ جس میں ہزاروں کی تعداد میں مرد و زن حتیٰ کہ بچے تک شرکت کریں گے۔ اس احتجاج کی تاریخ اور مقام کے اعلان کے لئے 18 اراکین پر مشتمل کمیٹی کرے گی۔ اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ شیعہ افراد کی ٹارگٹ کلنگ کو روکنے کیلئے ہر دستیاب فورم پر آواز اٹھائی جائے اور حکومت پر اس حوالے سے پرممکن دباو ڈالا جائے گا۔ 

اجلاس کے دوران شرکاء کا کہنا تھا کہ اب مزید خاموش نہیں بیٹھا جا سکتا۔ دشمن آئے روز ہمارے افراد کو شہید کررہا ہے اور حکومت ٹس سے مس نہیں ہو رہی۔ اگر اب بھی ہم نے اپنے حقوق کے لئے آواز بلند نہ کی تو تاریخ ہمیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔ اجلاس کے دوران بعض عمائدین نے کالعدم جماعت کی جانب سے وال چاکنگ اور پولیس کی طرف سے پراسرار طور پر شیعہ افراد کا ڈیٹا جمع کرنے کے حوالے سے شرکاء کو آگاہ کیا۔ اجلاس کے آخر میں 18 اتفاق رائے سے 18 رکنی کمیٹی کا اعلان کیا گیا۔ جو آئندہ کا لائحہ عمل تشکیل دے گی۔
خبر کا کوڈ : 238479
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش