0
Friday 15 Feb 2013 13:01

کشمیر کی آزادی آر پار کی قیادت کا ون پوائنٹ ایجنڈا ہے، عبدالمجید

کشمیر کی آزادی آر پار کی قیادت کا ون پوائنٹ ایجنڈا ہے، عبدالمجید
اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور افضل گورو کی پھانسی کے خلاف وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید کی اپیل پر تحریک آزادی کےبیس کیمپ میں یکجہتی کا بے مثال مظاہرہ دیکھنے میں آیا۔ آرپار کی سیاسی و مذہبی قیادت نے پہلی بار ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو کر انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی مذمت اور مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کیا۔ 

وزیراعظم آزاد کشمیر کی اپیل پر منعقد ہونے والے آل پارٹیز احتجاجی جلسہ کی صدارت آزاد کشمیر کے صدر سردار محمد یعقوب خان نے کی جبکہ لبریشن فرنٹ کے چیئرمین یاسین ملک مہمان خصوصی تھے۔ آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے صدر سردار عتیق احمد خان، مسلم لیگ نواز کے صدر راجہ محمد فاروق خان، جمعیت علماء اسلام کے صدر علامہ سعید یوسف، سابق صدر آزاد کشمیر سردار محمد انور، جموں کشمیر پیپلز پارٹی کے صدر سردار خالد ابراہیم اور دیگر زعماء نے خطاب کیا۔ آزاد کشمیر کے وزراء، پارلیمنٹ کے اراکین، آزاد کشمیر تاجر تنظیموں، وکلاء تنظیموں، سٹوڈنٹس تنظیموں اور عوام کی بڑی تعداد نے اس احتجاجی جلسے میں شرکت کی۔ 

یوم عزم جہد مسلسل کے نام سے منعقد ہونے والے احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ بھارت کے بارود کی فصلیں نہ اگائے۔ ریاستی دہشت گردی کے ذریعے کشمیریوں کو حق خودارادیت سے محروم کرنا اس کے بس میں نہیں رہا۔ ۶۴ سالوں سے کشمیری عوام نے بھارت کے غاصبانہ قبضے کو مسترد کر رکھا ہے اور حق خودارادیت کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھنے کا عزم کر رکھا ہے۔ بھارتی فوج کالے قوانین اور ریاستی دہشت گردی کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو سرد نہیں کر سکتی۔ 

وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ چھ لاکھ سے زائد شہداء نے بھارت کے جابرانہ تسلط سے آزادی حاصل کرنے کے لیے اپنے خون کا نذرانہ دیا۔ کشمیری شہداء کا مقدس لہو رنگ لا کر رہے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر لازم و ملزوم ہیں۔ کشمیریوں نے پاکستان کو اپنی منزل قرار دے رکھا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بھارت نے افضل گورو کو تختہ دار پر لٹکا کر انسانیت، جمہوریت، آئین اور پرامن جدوجہد کو پھانسی پر لٹکایا ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ افضل گورو کی شہادت عدالتی قتل ہے۔ جس نے دونوں اطراف کے کشمیریوں کو سراپا احتجاج بنا دیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ کشمیر کی آزادی آر پار کی قیادت کا ون پوائنٹ ایجنڈا ہے۔ آر پار کی قیادت اس پر متحد و منظم ہے۔ ہم باہمی لاءحہ عمل کے ذریعے مستقبل میں حق خودارادیت کی جدوجہد کو تیز کرنے کے لیے حکمت عملی مرتب کر رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 239759
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش