0
Saturday 2 Mar 2013 10:50

یاسین ملک کی نواز شریف سے ملاقات

یاسین ملک کی نواز شریف سے ملاقات
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں نواز شریف سے جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین یاسین ملک نے ملاقات کی جس میں مسئلہ کشمیر سمیت خطے کی موجودہ صورتحال اور دیگر امور پر بات چیت کی گئی۔ جمعہ کو رائے ونڈ میں ہونی والی اس ملاقات کے دوران یاسین ملک نے میاں نواز شریف کو افضل گورو کو بھارت کی جانب سے دی جانے والی پھانسی کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال سے آگاہ کیا اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور دیگر امور پر بات چیت کی گئی۔ 

میاں نواز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے کشمیری عوام کی مکمل سپورٹ کرتا ہے اور ہمارا مطالبہ ہے کہ بھارت اقوام متحدہ کی قراردوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کو فوری طور پر نہ صرف حل کرے بلکہ کشمیریوں پر جاری مظالم کا سلسلہ بھی بند کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے دور حکومت میں مسئلہ کشمیر حل کے انتہائی قریب تھا مگر پرویز مشرف نے اقتدار پر قبضہ کر کے مسئلہ کے حل کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ نواز شریف نے کہا کہ خطے میں امن اور پاک بھارت تعلقات کی مضبوطی اور بہتری کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہو چکا ہے اور جتنی جلدی مسئلہ کشمیر کا حل کیا جائے گا یہ خطے اور بھارت کے لیے اتنا ہی فائدہ مند ہوگا۔ 

اس موقع پر یاسین ملک نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سہ فریقی مذاکرات کے بغیر مسئلہ کشمیر کا حل تلاش نہیں کیا جا سکتا۔ انھوں نے کہا کہ مقدمہ کے اصل فریق کشمیری ہیں جن کی مرضی کے بغیر کوئی فیصلہ مسلط کرنے کی کوشش کی گئی تو اس کے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے۔ افضل گورو کی پھانسی نے آرپار کشمیریوں کو قریب لانے میں مدد دی۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے سنجیدگی کا مظاہرہ کریں۔
خبر کا کوڈ : 243519
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش