0
Sunday 10 Mar 2013 19:40

سیاسی میدان خالی چھوڑیں گے نہ تکفیریوں کو پارلیمنٹ میں پہنچنے دینگے، علامہ ناصر عباس جعفری

سیاسی میدان خالی چھوڑیں گے نہ تکفیریوں کو پارلیمنٹ میں پہنچنے دینگے، علامہ ناصر عباس جعفری
اسلام ٹائمز۔ شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کی 18ویں برسی کی مناسبت سے مزار شہید پر منعقدہ ’’افکار شہداء سیمینار‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ دشمن ہمیں مایوس کرنا چاہتا ہے لیکن ہم مایوس نہیں ہوں گے اور دشمن کی تمام چالوں کا بھرپور مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی حقیقی معنوں میں پیرو خط امام تھا۔ انہوں نے کہا کہ شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی نے پاکستان کے نوجوانوں میں وہ انقلابی روح پھونکی ہے جو اب کسی طور بھی ان کے اجسام سے نکل نہیں سکتی اور آئی ایس او نے ہر دور میں ظلم کے خلاف آواز بلند کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایس او کے نوجوان آج بھی ملت کی امید ہیں اور اگر آئی ایس او مضبوط ہوگی تو پاکستان میں ملت تشیع مضبوط ہو گی۔

علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ سیاسی میدان خالی نہیں چھوڑیں گے بلکہ تکفیروں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں اور انہیں پارلیمنٹ میں نہیں پہنچنے دیں گے، یہ کتنے افسوس کی بات ہے کہ دہشت گردوں کے سرپرست سینیٹ میں موجود ہیں اور پارلیمنٹ میں بھی ان کی نمائندگی موجود ہے جبکہ اہلسنت کے صرف ایک حامد سعید کاظمی ہیں، جن پر پہلے قاتلانہ حملہ کیا گیا، جس میں وہ بچ گئے تو انہیں جیل میں ڈال دیا گیا، یہ سب تعصب کی بنیاد پر کیا گیا، یہ استعماری سازشیں ہیں، جن کا مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے اہلسنت (بریلوی) بھائیوں کے ساتھ ہیں اور سیاسی حوالے سے بھی ان کے ساتھ اتحاد اور الحاق ہوسکتا ہے، ہم نے سنی تحریک، سنی اتحاد کونسل اور علامہ طاہرالقادری سے اسی لئے رابطہ کیا تھا کہ اور اب بھی رابطے میں ہیں، کیونکہ ان کے مزاروں اور ہمارے امام بارگاہوں کو نشانہ بنانے والے ایک ہی گروہ سے تعلق رکھتے ہیں، دوسرے لفظوں میں سنیوں اور شیعوں کا دشمن مشترک ہے۔

ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے مزید کہا کہ اس وقت امریکہ، سعودی عرب، تکفیری گروہ اور اینٹی شیعہ اسٹیبلشمنٹ پاکستان میں بدامنی کی ذمہ دار ہے، ان سب کا باپ امریکہ ہے جو سعودی عرب کے ذریعے دہشت گردوں اور اینٹی شیعہ اسٹیبلشمنٹ کو اپنے مقاصد کیلئے استعمال کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملت جعفریہ پاکستان کے خلاف منظم سازش کے تحت قتل و غارت کا بازار گرم کیا گیا ہے اور ان کا ہدف بھی یہی ہے کہ شیعہ پاکستان سے ختم ہو جائیں یا پاکستان چھوڑ کرچلے جائیں اور وہ ملک پر قبضہ کر لیں اور ہماری ایٹمی تنصیبات کو اپنی تحویل میں لے لیں۔ انہوں نے آرمی چیف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا کام ملت کا دفاع ہے، لیکن آپ پاکستان سے زیادہ دہشت گردوں کے محافظ دکھائی دے رہے ہیں۔ علامہ ناصر عباس نے کہا کہ اگر آرمی چیف دہشت گردوں کا سرپرست نہیں تو بزدل ہے اور دونوں صورتوں میں اسے جرنیل رہنے کا کوئی حق نہیں، کیونکہ نہ تو دہشت گردوں کا سرپرست چیف رہ سکتا ہے اور نہ کسی بزدل آدمی کو یہ منصب دیا جاسکتا ہے، اس لئے ہم واضح کرتے ہیں کہ دہشت گردوں کے خلاف ملک گیر آپریشن کیا جائے اور اگر آپریشن نہ کیا گیا تو پھر کوئی بھی ایک نیا بنگلہ دیش بننے سے نہیں روک سکتا۔

مجلس وحدت مسلمین کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ میں نے مختلف مجتہدین سے سیاسی میدان میں اترنے کے حوالے سے مشاورت کی ہے، تمام مجتہدین نے ہمیں سیاست میں بھرپور حصہ لینے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ سید علی خامنہ ای جیسا مدبر اور دور اندیش شخص ہمارا رہبر ہے، ہم اس عظیم شخص کی رہبری میں کبھی شکست نہیں کھا سکتے۔ انہوں نے کہا کہ اس بار مجلس وحدت مسلمین اپنا سیاسی کردار بھرپور انداز میں ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ میں آرمی چیف اور صدر زرداری سے مطالبہ کرتا ہوں کہ کراچی اور کوئٹہ سمیت ملک بھر میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کیا جائے، دہشت گردوں کے تربیتی کیمپس بند کروائے جائیں، ہم کسی طور بھی اپنے اس مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آرمی چیف بتائیں تین سال کی ایکسٹینشن کا کیا فائدہ ہوا، ملکی سلامتی داؤ پر لگی ہوئی ہے، ڈرون حملے جاری ہیں اور آرمی چیف لمبی تان کے سوئے ہوئے ہیں۔

ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ نے کہا کہ حزب اللہ لبنان کی کامیابی کا راز رہبر معظم سے تمسک ہے اور انشاء اللہ مجلس وحدت مسلمین بھی خط رہبری پر چلتے ہوئے اپنا لائحہ عمل اور سیاسی حکمت عملی تشکیل دے گی اور پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنائے گی، جس میں تمام مکاتب فکر اور تمام مذاہب کو حقوق حاصل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں مسیحی کمیونٹی کے گھروں کو جلانے کی واقعات کی بھرپور انداز میں مذمت کرتے ہیں اور واضح کرتے ہیں کہ ہم ہر مظلوم کیساتھ ہیں، کسی ایک شخص کے جرم کی سزا پوری کمیونٹی کو دینا ناانصافی ہے اور اس کی کوئی بھی مذہب اجازت نہیں دیتا، انہوں نے مسیحی برادری کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ مشکل کی اس کھڑی میں وہ مسیحی کمیونٹی کے ساتھ ہیں اور ان پر ہونے والے ظلم کی بھرپور انداز میں مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملت تشیع کو اپنے دشمن کی شناخت کرنا ہو گی اور پاکستان میں استعماری ایجنٹوں کی مداخلت کو روکنا ہوگا، یہ اسی صورت ہی ممکن ہے جب پوری قوم ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کا یہ منصوبہ ہے کہ ملت تشیع پاکستان کو توڑ دیا جائے، انہیں اتنے ٹکڑوں میں بانٹ دیا جائے کہ یہ کوئی بھی اجتماعی معاملہ نہ چلا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان قوم کی امید ہیں اور قوم نے ہمیشہ آئی ایس او کے نوجوانوں پر اعتماد کیا ہے، اس لئے میں نوجوانوں سے اپیل کروں گا کہ آپ قوم کی امید ہو، اس لئے ثابت قدم رہنا اور کسی بھی بحران کا مردانہ وار مقابلہ کرنا۔ انہوں نے کہا کہ میں آئی ایس او پاکستان کے نوجوانوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، جنہوں نے اپنے قیام سے لے کر اب تک مسلسل کئی بحرانوں کا سامنا کیا اور اپنی ثابت قدمی سے انہیں مات دی اور یہ تسلسل انشاءاللہ آئندہ بھی جاری رہے گا، مجلس وحدت قوم کے جوانوں کے ساتھ ہے۔
خبر کا کوڈ : 245806
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش