0
Tuesday 9 Apr 2013 11:59

گیارہ مئی امریکی تسلط سے آزادی کا دن ہوگا، قاری محمد عثمان

گیارہ مئی امریکی تسلط سے آزادی کا دن ہوگا، قاری محمد عثمان
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام کراچی کے امیر قاری محمد عثمان نے کہا کہ 11 مئی امریکی تسلط سے آزادی کا دن ہوگا۔ قوم کرپٹ اور لٹیروں کو نشان عبرت بنائے گی۔ مسلم لیگ ن، جے یو پی سمیت ہم خیال جماعتوں سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر بات چیت جاری ہے ایک دو روز میں فیصلہ ہو جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سٹی کورٹ میں جماعتی عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔  اس موقع پر مولانا عمر صادق و دیگر رہنماء موجود تھے۔ قاری محمد عثمان نے کہا کہ انتخابات کے التواء کی افواہیں ملک کو بڑے بحران میں ڈالنے کے مترادف ہیں۔ جمعیت علماء اسلام انتخابات ملتوی کرائے جانے کے کسی بھی منصوبہ کی سخت مخالفت کرے گی۔ اگر انتخابات ملتوی کرائے گئے تو ملک میں شدید انارکی پھیلے گی۔
 
قاری محمد عثمان نے کہا کہ نگران حکومت شہریوں کی جان و مال عزت آبرو کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے فوری اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی گرمی کا موسم ہے شروع ہی نہیں ہوا جبکہ کے ای ایس سی نے شہریوں کو تاریکی میں ڈبو کر دہشت گردوں اور ڈاکووں کے حوالہ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رات 10 بجے سے 2 بجے تک بجلی بند کرنا بدترین ظلم ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیر شاہ اور قرب و جوار کے علاقوں سمیت شہر کے دیگر علاقوں میں دن رات کی ظالمانہ لوڈشیڈنگ سے جہاں رات کو لوگ مچھروں اور گرمی سے نڈھال ہو رہے ہیں وہاں جرائم پیشہ عناصر چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے عوام کے لئے عذاب بن گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے ای ایس سی کے اعلیٰ افسران کی یقین دہانی کے باوجود رات کو لوڈشیڈنگ ختم نہ کرنا سوالیہ نشان ہے۔
خبر کا کوڈ : 251997
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش