0
Sunday 9 May 2010 11:05

سپریم کورٹ کے فیصلوں پر ہر صورت عمل کرائیں گے۔جسٹس افتخار،اداروں میں تصادم ہوا تو کچھ نہیں بچے گا،وزیراعظم گیلانی

سپریم کورٹ کے فیصلوں پر ہر صورت عمل کرائیں گے۔جسٹس افتخار،اداروں میں تصادم ہوا تو کچھ نہیں بچے گا،وزیراعظم گیلانی
لاہور،کراچی:اسلام ٹائمز-وقت نیوز کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چودھری نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلوں پر ہر صورت عمل کرائیں گے جبکہ وزیراعظم گیلانی نے کہا ہے کہ ملکی اداروں میں تصادم ہوا تو کچھ نہیں بچے گا۔لاہور ہائیکورٹ بار کے عہدےداروں کے ساتھ ملاقات میں چیف جسٹس افتخار محمد چودھری نے کہا عدلیہ انصاف کی فوری فراہمی کے لئے اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔سپریم کورٹ کے فیصلوں پر عملدرآمد کے حوالے سے کوئی کمپرومائز نہیں کیا جائے گا۔بار اور بنچ ایک دوسرے کے لئے لازم و ملزوم ہیں،ان کے باہمی تعاون کے بغیر عام آدمی کو انصاف کی فراہمی ممکن نہیں۔
 اس موقع پر لاہور بار کے عہدےداروں نے چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کو اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور مطالبہ کیا کہ وکلا تحریک کے دوران وکلا پر تشدد کرنے والے افسروں اور حکام کے خلاف کارروائی کی جائے۔چیف جسٹس نے انہیں یقین دلایا کہ سپریم کورٹ اس سلسلے میں کارروائی کرے گی۔دریں اثناء چیف جسٹس پاکستان افتخار محمد چودھری سے ملاقات کرنے والے وفد کی سربراہی لاہور ہائیکورٹ بار کے صدر میاں عبدالقدوس اور سیکرٹری بابر مرتضی نے کی۔وفد نے ان سے اپنے مسائل کے حوالے سے اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی گفتگو کی۔
 میاں عبدالقدس نے بتایا ملاقات میں بار اور بنچ کے درمیان بہتر اور اچھے تعلقات کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔اس موقع پر ماتحت عدلیہ میں مقدمات کے نمٹانے کے حوالے سے انہیں اپنے تحفظات سے آگاہ کیا اور لاہور ہائیکورٹ کے نئے تعمیر شدہ بلاک میں لفٹ کی تنصیب کا مطالبہ کیا۔وفد نے چیف جسٹس سے کہا عدالتیں محکمہ مال،پولیس اور ریونیو کے حوالے سے اپنے فیصلوں پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں،تاکہ عوام الناس کی مشکلات کو کم سے کم کیا جاسکے۔جس پر فاضل چیف جسٹس نے ان مسائل پر ہمددرانہ غور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔چیف جسٹس نے سپریم کورٹ کی بلڈنگ کمیٹی کے اجلاس کی بھی صدارت کی۔یہ اجلاس ایک روز قبل رات گئے تک جاری رہا تھا۔سپریم کورٹ لاہور رجسٹری کے ار د گرد سخت حفاظتی اقدامات کئے گئے تھے اور سپریم کورٹ کے سامنے کی سٹرک کو عام ٹریفک کے لئے بند رکھا گیا۔اس موقع پر پولیس کی اضافی نفری بھی سکیورٹی نکتہ نظر سے متعین تھی۔ 
وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ حیدر آباد ڈسٹرکٹ کو توڑنے کا فیصلہ غلط تھا، حیدر آباد کی پرانی ضلعی حیثیت بحال کریں گے۔کراچی میں حیدر آباد ڈویژن کے پارٹی ورکرز کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی شارٹ ٹرم نہیں طویل المیعاد پالیسیاں بناتی ہے اب تمام توجہ عوام دوست بجٹ بنانے پر ہے نئے بجٹ سے روزگار کے مزید مواقع ملیں گے۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اگر ہمارے اتحادی اسٹیک ہولڈر ہیں تو ہم بھی اسٹیک ہولڈر ہیں،انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے ہمیشہ مفاہمت کی سیاست کی ہے لیکن اگر اداروں کے درمیان تصادم ہوا تو پھر کچھ نہیں بچے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سے غلطیاں ضرور ہوئی ہوں گی،تاہم ہماری نیت صاف ہے۔بے نطیر شہید کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔وزیر اعظم نے کہا کہ غریب افراد کو 200 یونٹ بجلی مفت دیں گے۔اس وقت تمام تر توجہ عوام دوست بجٹ بنانے پر مرکوز ہے۔ وفاقی بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف دیں گے۔انہوں نے کہا بےنظیر اور ذوالفقار بھٹو کے خواب پورے کریں گے۔بےنظیر کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔این ایف سی ایوارڈ سے صوبوں کے وسائل میں اضافے اور روزگار کے مواقع بڑھیں گے۔سندھ میں 3 پاور پلانٹس کا جلد افتتاح کیا جائے گا اور خاتون کو محتسب اعلیٰ مقرر کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 25449
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش