0
Sunday 21 Apr 2013 20:06

سب جیل میں اڈیالہ سے زیادہ سختی ہے، ڈاکٹر امجد

جس نے مشرف سے ملاقات کرنی ہے ہوم سیکرٹری سے اجازت لے، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل
سب جیل میں اڈیالہ سے زیادہ سختی ہے، ڈاکٹر امجد
اسلام ٹائمز۔ آل پاکستان مسلم لیگ کے رہنما ڈاکٹر امجد نے کہاکہ پرویز مشرف کو اپنی فیملی سے بھی ملنے کی اجازت نہیں ہے۔ سب جیل میں اڈیالہ جیل سے بھی زیادہ سختی ہے۔ اے پی ایم ایل کے ترجمان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پرویز مشرف کو دو کمرے الاٹ کیے گئے ہیں، وکلاء کو بھی پرویز مشرف سے ملنے نہیں دیا جا رہا، سب جیل کا انتظام پنجاب حکومت کے پاس ہے، پرویز مشرف کا کھانا بھی خصوصی طور پر تیار کیا جاتا ہے جس میں کوئی بھی گڑ بڑ کر سکتا ہے، اس لیے اس کی ذمہ دار بھی پنجاب حکومت ہو گی، انہوں نے کہا کہ مشرف کا بیرونی دنیا سے رابطہ کٹ چکا ہے، آل پاکستان مسلم لیگ کے کارکنوں کو جیل میں ڈالا جا رہا ہے۔ انہوں نے پاکستان کے دفاع میں کتنی جنگیں لڑی ہیں وہ غدار کیسے ہو سکتے ہیں، پرویز مشرف ملک کے سابق آرمی جنرل اور صدر رہ چکے ہیں ان سے اچھا برتائو ہونا چاہیئے۔ انٹرنیٹ، ٹیلی فون کنکشن کاٹ دیئے گئے ہیں، صرف اخبارات پڑھ سکتے ہیں۔ 

دوسری جانب سپرینڈنٹ اڈیالہ جیل اشتیاق اعوان کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف ہاؤس اریسٹ ہیں کسی ریسٹ ہاؤس میں نہیں، بغیر اجازت کے کوئی ان سے ملاقات نہیں کرسکتا۔ میڈیا سے گفتگو میں سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کا کہنا تھا کہ سب جیل کے باہر سکیورٹی کی ذمہ داری اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس کی ہے، پرویز مشرف کی سکیورٹی کے لیے باہر اور اندر دوبارہ جائزہ لونگا، ان کا کہنا تھا کہ مشرف ہاؤس اریسٹ ہیں کسی ریسٹ ہاؤس میں نہیں، اتوار کو کسی قسم کی ملاقات نہیں ہو سکتی ہے یہ جیل کا قانون ہے، جس نے مشرف سے ملاقات کرنی ہے ہوم سیکرٹری سے اجازت لے اور ملاقات کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف کے گھر کے رہائشی حصہ کو سب جیل قرار دیا ہے پرویز مشرف اسی حصے میں بند رہیں گے۔ جیل عملے کی جانب سے آل پاکستان مسلم لیگ کے رہنماؤں کو آج بھی پرویز مشرف سے ملاقات کرنے سے روک دیا گیا، عملے کا موقف تھا کہ جیل قوانین کے تحت اتوار کے دن ملاقات نہیں کرا سکتے، ملاقاتی اجازت نامہ لے کر آئیں۔

خبر کا کوڈ : 256500
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش