0
Friday 3 May 2013 00:12

کراچی، ایم کیو ایم کے سیکڑ آفس کے قریب دھماکہ، 9 افراد زخمی

کراچی، ایم کیو ایم کے سیکڑ آفس کے قریب دھماکہ، 9 افراد زخمی
اسلام ٹائمز۔ کراچی کے پرانے علاقے برنس روڈ پر جمعرات کو رات سوا 9 بجے متحدہ قومی موومنٹ کے سیکٹر آفس اور انتخابی دفتر کے قریب دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 9 افراد زخمی ہو گئے، زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ یہ دھماکہ بھی گذشتہ دھماکوں کی طرح رات 9 بجے کے بعد ہوا۔ دھماکے کے بیشتر زخمیوں کے نچلے حصے پر زخم آئے ہیں۔ ادھر کراچی انتظامیہ نے سول اسپتال کراچی میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے، اور ڈاکٹر اور دیگر اسٹاف کو ہنگامی طور پر بلا لیا گیا۔ میڈیا کے نمائندے نے دھماکے کے مقام سے رپورٹنگ کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکے کے نتیجے میں ایک مسجد بابل الاسلام کا وضو خانہ بھی متاثر ہوا ہے۔ دھماکے سے قریب ہی واقع فوڈ اسٹریٹ پر بھگدڑ مچ گئی، پورا علاقہ ایک افراتفری کے عالم میں ہے، جبکہ کاروبار بند ہو گیا ہے۔ شہر کے پرانے علاقے میں واقع جگہ پر زیادہ تر تنگ گلیاں ہیں۔ پولیس اور رینجرز دھماکے کے مقام پر پہنچ چکے ہیں۔ ڈی آئی جی ساوٴتھ نے میڈیا کو بتایا ہے کہ دھماکہ سیکٹر آفس اور باب الاسلام مسجد کے قریب ہوا، انہوں نے مزید کہا کہ مسجد کے وضو خانے اور سیکٹر آفس کی دیوار کو نقصان پہنچا جبکہ بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ اطراف کے گھروں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
دیگر ذرائع کے مطابق برنس روڈ پر ایم کیو ایم کے سیکٹر آفس کے قریب دھماکہ ہوا جس میں 9 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ دھماکے کے بعد پولیس اور امدادی اداروں کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں ہیں۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد کے لئے سول ہسپتال متقل کیا گیا۔ دھماکے کے بعد لوگوں میں شدید خوف و ہراس پیدا ہو گیا اور اردگرد کے علاقوں میں بدترین ٹریفک جام ہو گئی۔ دھماکے کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ جائے وقوعہ پر پہنچ گیا ہے، کہا جا رہا ہے کہ دھماکے میں 2 کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا، دھماکے کی شدت کو بڑھانے کے لئے بال بیرنگ اور لوہے کے ٹکڑے بھی استعمال کئے گئے۔ 
خبر کا کوڈ : 260189
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش