0
Tuesday 7 May 2013 18:02

ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر فہمیدہ مرزا کو نوٹس جاری

ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر فہمیدہ مرزا کو نوٹس جاری
اسلام ٹائمز۔ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ریٹرننگ افسر نے اسپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کو نوٹس جاری کردیئے ہیں، چیف الیکشن کمیشنر فخرالدین جی ابراھیم نے میڈیا رپوٹس پر معاملے کا نوٹس لیا تھا، اسپیکر قومی اسمبلی کو ریٹرننگ افسر نے اپنے دفتر میں طلب کرکے نوٹس دیا، گزشتہ روز حلقہ این اے 225 سے پیپلز پارٹی کی امیدوار فہمیدہ مرزا نے بدین کے سرکاری پارک میں انتخابی جلسہ کیا، جلسے کیلئے سرکاری وسائل کے ساتھ ساتھ چوری کی بجلی استعمال بھی کی گئی، جلسہ کی وجہ سے پارک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا۔ ڈی سی بدین رفیق قریشی کے مطابق انہوں نے کسی کو بھی سرکاری پارک میں سیاسی جلسہ کرنے کی اجازت نہیں دی۔

دریں اثناء قومی اسمبلی کے حلقے 225 سے پی پی کی امیدوار ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کہا کہ ضلع بدین میں صاف اور شفاف انتخابات ہوتے ہوئے نظر نہیں آرہے، 11 مئی کو بدین میں بڑے پیمانے پر ہنگاموں اور بدامنی کا خدشہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع بدین میں ماضی کے برعکس ووٹرز کی تعداد میں کافی اضافہ ہوا ہے، لیکن پولنگ اسٹیشن کی تعداد نہیں بڑھائی گئی جبکہ الیکشن کمیشن کی جانب سے اعلان کردہ ضابطہ اخلاق پر بھی عمل نہیں کیا جارہا۔

ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے مزید کہا کہ 2002ء اور 2008ء کے عام انتخابات کے دوران جن پولنگ اسٹیشن پر ہنگامہ آرائی ہوئی مقدمے درج کرائے گئے ان پولنگ اسٹیشن کو تبدیل کرنے کی بجائے 2013ء کے عام انتخابات میں بھی اس جگہ پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں، اس ضمن میں درخواست دینے کے باوجود نوٹس نہیں لیا گیا۔ انہوں نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ معاملات کا فوری نوٹس لیا جائے۔ علاوہ ازیں نندو شہر میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے فہمیدہ مرزا نے کہا کہ مخالفین عوام کی حمایت سے محروم ہیں، اس لئے وہ دھاندلی کا سہارا لینے کی کوشش کر رہے ہیں، پیپلز پارٹی ایک بار پھر اقتدار میں آئے گی اور ملک و قوم کی خدمت کے سلسلے کو جاری رکھے گی، مخالفین اپنی شکست سامنے دیکھ کر بوکھلا گئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 261595
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش