0
Friday 10 May 2013 18:44

یوم نکبہ، فلسطین فاؤنڈیشن کی احتجاجی مہم کا آغاز، میمن مسجد کے باہر احتجاجی مظاہرہ

یوم نکبہ، فلسطین فاؤنڈیشن کی احتجاجی مہم کا آغاز، میمن مسجد کے باہر احتجاجی مظاہرہ
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء پاکستان اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام یوم نکبہ کے عنوان سے جاری ’’ فلسطینیوں کی فلسطین واپسی ‘‘ کی مہم کے حوالے سے میمن مسجد بولٹن مارکیٹ پر بعد نماز جمعہ احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی اور سنہ 1948ء میں فلسطینیوں کی سرزمین پر ہونے والے صیہونی غاصبانہ تسلط کی شدید مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ فلسطینیوں کو فلسطین واپس لایا جائے اور غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے وجود کو غیر قانونی اور غاصب قرار دیا جائے۔ شرکائے احتجاجی مظاہرہ نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر فلسطین، فلسطینیوں کا وطن، فلسطینیوں کی فلسطین واپسی، فلسطینیوں ہم تمھارے ساتھ ہیں سمیت امریکہ مردہ باد اور اسرائیل نامنظور جبکہ برطانوی سامراج کے خلاف بھی نعرے درج تھے۔ شرکائے احتجاجی مظاہرہ نے امریکی، اسرائیلی اور برطانوی پرچم کو بھی نذرآتش کیا۔

شرکائے احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی، عوامی مسلم لیگ کے رہنما محفوظ یار خان ایڈووکیٹ، فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی ترجمان صابر کربلائی سمیت جمعیت علماء پاکستان کے رہنماؤں مولانا شبیر ابو طالب، مولانا شوکت مغل، عبدالوحید یونس، ناصر رضوان ایڈووکیٹ اور علامہ جعفر رضا و دیگر نے کہا کہ اقوام عالم فلسطین کی آزادی کے لئے سنجیدہ کردار ادا کرے، اقوام متحدہ امریکی و اسرائیلی دباؤ کو مسترد کرتے ہوئے فلسطینیوں کو ان کا وطن واپس دلوائے۔ فلسطین صرف اور صرف فلسطینیوں کا ہے اسرائیلی غاصبانہ تسلط کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انبیاء علیہم السلام کی سر زمین فلسطین پر غاصب اسرائیل نے 65 سالوں سے غاصبانہ تسلط قائم کر رکھا ہے جبکہ لاکھوں مظلوم اور نہتے فلسطینی اپنے گھروں سے جبری طور پر بے گھر کر دئیے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ غزہ کا علاقہ گذشتہ پانچ برسوں سے اسرائیلی غاصبانہ محاصرے میں ہے اور لاکھوں فلسطینیوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں لیکن افسوس ناک اور شرمناک بات تو یہ ہے کہ اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کے علمبردار بھی غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے خلاف آواز اٹھانے سے کتراتے ہیں۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے عالمی عدالت انصاف سے مطالبہ کیا کہ امریکہ اور اسرائیل کے خلاف جنگی جرائم کے مقدمات قائم کئے جائیں اور ان کے حکمرانوں کو انصاف کے کٹہرے میں لاکر لاکھوں معصوم انسانوں کے خون کا حسان لیا جائے۔ اس موقع پر رہنماؤں نے مزید کہا کہ فلسطینی عوام کو حق حاصل ہے کہ وہ اپنے وطن لوٹ جائیں اور فلسطین فلسطینیوں کا وطن ہے اور دنیا کی کوئی طاقت فلسطینیوں کو انکی زمینوں سے دور نہیں کر سکتی۔
خبر کا کوڈ : 262570
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش