0
Sunday 19 May 2013 17:36

دہشت گردوں کا کراچی سمیت ملک بھر سے صفایا کرکے دم لیں گے، ثروت اعجاز قادری

دہشت گردوں کا کراچی سمیت ملک بھر سے صفایا کرکے دم لیں گے، ثروت اعجاز قادری
اسلام ٹائمز۔ سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ قائد و بانی شہید محمد سلیم قادری کی شہادت امن قوتوں کی وہ تحریک ہے جس میں افہام و تفہیم، بردباری اور ایک دوسرے کو برداشت کا درس ملتا ہے۔ ہمارے اکابرین کو ہر دور میں دہشتگردی کا نشانہ اس وجہ سے بنایا گیا کہ انہوں نے ہمیشہ عوام کے درمیان اتحاد، بھائی چارگی اور عدم تشدد کا پیغام دیا ہے اور اپنی پر امن تحریک سے ملک کی بقاء اور اسلامی تشخص کو اجاگر کرنے کیلئے کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے گریز نہیں کیا۔ دہشت گردی سے ڈرنے والے نہیں بانیان پاکستان کی اولاد ہیں شہر چھوڑ کر نہیں جائیں گے۔ ہمارے حوصلے بلند ہیں دہشت گردوں کا کراچی سمیت ملک بھر سے صفایا کرکے دم لیں گے۔ پر امن پاکستان ہی خطے میں امن کی ضمانت ہے۔ نظریات کی بنیاد پر سنی تحریک وجود میں آئی قائد تحریک شہید محمد سلیم قادری کی جدوجہد اور قربانی کا ثمر ہے کہ PST کراچی سے کشمیر تک محب وطن جماعت کے نام سے پہچانی جاتی ہے اور فیڈریشن کی علامت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قائد و بانی شہید محمد سلیم قادری کے سالانہ عرس کی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ قائد پاکستان سنی تحریک شہید محمد سلیم قادری نے ملک سے دہشتگردی، اقرباء پروری اور ناانصافی کے خلاف آواز حق بلند کرنے کی پاداش میں جام شہادت نوش کرکے ملک کی عوام کو پیغام دیا کہ ملکی سلامتی، خود مختاری اور اسلام کی سربلندی کیلئے دہشتگردوں کے آگے سر نہیں جھکانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سیاسی اور امن کی فراہمی کے حوالے سے سنی تحریک کے قائد و اکابرین کی شہادتیں پوری امت مسلمہ کیلئے وہ پیغام ہے جن پہ چل کر امن کے مقابلے میں دہشتگردی کو شکست دی جاسکتی ہے۔ یہ بات بھی یاد رکھنی چاہئے کہ ظالم اپنے کردار میں دہشتگردی کا وہ پیغام لیکر آتا ہے جو کہ بدی کی قوتوں کو مضبوط کرتا ہے۔ مگر جانثاران مصطفی ﷺ امن، محبت و بھائی چارگی کے جذبوں کو فروغ دینے کیلئے قائد سنی تحریک کی طرح بہادری کے ساتھ شہادت کے تمغے اپنے سینے پر سجاتے ہیں اور آج تک سجا رہے ہیں۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ پاکستان سنی تحریک اپنے قائد کے نیک مشن کو ہر حال میں جاری رکھے گی اور تعلیم، محبت، اخوت کے انقلاب کو برپا کرینگے اور تکالیف، مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے امن کی دشمن قوتوں کو اپنے شعور سے پیچھے کی طرف دھکیلتے ہوئے آگے کی طرف جائیں گے اور پاکستان کو مضبوط و مستحکم کرنے کیلئے ہر ممکن جدوجہد کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 265467
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش