0
Wednesday 22 May 2013 19:14
دوستی نسل در نسل مضبوط ہوئی ہے

حالات کچھ بھی ہوں پاک چین دوستی پائیدار رہے گی، چینی وزیراعظم

حالات کچھ بھی ہوں پاک چین دوستی پائیدار رہے گی، چینی وزیراعظم
اسلام ٹائمز۔ چین کے وزیراعظم لی کی چیانگ نے کہا ہے کہ میں پاکستان کے ساتھ اسٹرٹیجک تعاون کو مزید مضبوط کرنے کے لیے آیا ہوں، حالات کچھ بھی ہوں پاک چین تعلقات وقت کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط ہوتے رہیں گے، گرمجوشی سے استقبال پر پاکستانی حکومت اور عوام کا شکرگزار ہوں، ہماری دوستی نسل در نسل مضبو ط ہوئی ہے اور یہ ہر آزمائش پر پوری اتری ہے، صدر آصف علی زرداری نے اس دوستی کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔ وہ بدھ ایوان صدر اسلام آباد میں اپنے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں پاکستان مسلم نون کے سربراہ میاں نواز شریف سمیت تمام بڑی سیاسی جماعتوں کے سربراہوں اور دوسرے اہم پاکستانی اور چینی رہنماوں نے شرکت کی۔ چینی وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے اعلٰی سطح پر رابطے دونوں ممالک کے گہرے تعلقات کا عکاس ہیں۔ چینی وزیراعظم نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے پاک چین تعلقات کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ میرے دورہ پاکستان کا مقصد مضبوط باہمی تعلقات کے بارے میں دنیا کو پیغام دینا ہے۔
 
چین کے وزیراعظم لی کی چیانگ نے کہا کہ حالات کچھ بھی ہوں پاک چین دوستی پائیدار رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی دوستی نسل در نسل مضبوط ہوئی ہے اور یہ ہر آزمائش پر پوری اتری ہے۔ وقت کے ساتھ باہمی تعلقات اور دوستی مزید مضبوط ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان کئی قدریں مشترک ہیں۔ اعلٰی سطح پر گہرے روابط دونوں ممالک کے درمیان باہمی مضبوط تعلقات کے عکاس ہیں۔ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات وقت کے ساتھ ساتھ مضبوط ہو رہے ہیں۔ لی کی چیانگ نے کہا کہ وہ پاکستان کے دورہ کے دوران پرتپاک استقبال پر پاکستانی قیادت کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ میرا پاکستان کا دوسرا اور بحیثیت وزیراعظم پہلا دورہ ہے، پاکستان کے عوام کی گرمجوشی اور بہتر مہمان نوازی پر شکر گزار ہوں۔

دیگر ذرائع کے مطابق صدر زرداری نے کہا ہے کہ اقتصادی ترقی کیلئے چین کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں، چینی وزیراعظم لی کی چیانگ نے دونوں ممالک کے درمیان دوستی کو دنیا کیلئے ایک مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ چین اور پاکستان کے درمیان متعدد شعبوں میں تعاون کو آگے بڑھایا جائے گا۔ ایوان صدر میں چین کے وزیراعظم لی کی چیانگ کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا۔ صدر زرداری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان چین کی شاندار ترقی سے متاثر ہے اور اقتصادی ترقی کیلئے تعاون پر چین کے شکر گزار ہیں، پاکستانی علاقے تجارت کیلیے بڑی راہ داری ثابت ہوسکتے ہیں۔ صدر زرداری نے کہا چیئرمین ماؤ، چو این لائی اور وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو نے خطے میں پاک چین دوستی کیلئے بنیادی کردار ادا کیا، ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ اقتدار کی پرامن منتقلی ہو رہی ہے اور امید ہے پاکستان کی جمہوری حکومت اس دوستی کو مزید مضبوط کرے گی، چین کے ساتھ حکومتی اور عوامی سطح پر تعلقات مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔
 
چین کے وزیراعظم لی کی چیانگ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان چین میں متعدد قدریں مشترکہ ہیں، دونوں ممالک کی دوستی نسل در نسل مضبوط ہوئی ہے، وزیراعظم بننے کے بعد سب سے پہلے پاکستان کا دورہ کرنے کا مقصد یہ ہے کہ ہم دنیا کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ دونوں ممالک میں بے مثالی تعاون موجود ہے اور یہ سلسلہ مزید وسعت اختیار کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک متعدد شعبوں میں باہمی تعاون کا سلسلہ آگے بڑھا سکتے ہیں، چینی وزیراعظم نے اس موقع پر صدر زرداری اور نواز شریف کا شکریہ بھی ادا کیا۔ ظہرانے کی تقریب میں چینی وزیراعظم کو نشان پاکستان کا اعزاز بھی دیا گیا۔ تقریب میں سیاسی اور عسکری قائدین کے علاوہ عمائدین نے بھی شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 266526
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش