0
Sunday 9 Jun 2013 18:14

پاک ایران گیس منصوبہ ہر صورت مکمل کیا جائے، فائزہ ملک

پاک ایران گیس منصوبہ ہر صورت مکمل کیا جائے، فائزہ ملک
اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی شعبہ خواتین لاہور کی صدر و رکن اسمبلی فائزہ ملک نے بجٹ 2013-14 کیلئے حکومت کو 25 نکاتی تجاویز دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے پاک ایران گیس پائب لائن کے منصوبے کو ہر صورت مکمل کیا جائے، دہشت گردی کیخلاف جنگ میں کامیابی اور ملکی دفاع کو مضبوط بنانے کیلئے پاک افواج کے بجٹ اور تنخواہوں میں مزید اضافہ کیا جائے، غربت کے خاتمے کیلئے بے نظیر بھٹو انکم سپورٹ پروگرام کو جاری رکھا جائے، مونجی ڈیم، منڈا ڈیم کی تعمیر مکمل کرنے کیلئے فنڈز مختص کیے جائیں، ملک کی معاشی آزادی کیلئے غیر ملکی امداد اور قرضے لینے کا سلسلہ بند کیا جائے، عوام کو بجلی، گیس اور پٹرولیم مصنوعات پر اور کسانوں کو ڈیزل اور بجلی کے علاوہ زرعی آلات کی خریداری پر کم از کم 50 فیصد سبسڈی دی جائے اور ان پر کوئی نیا ٹیکس نہ لگایا جائے۔

انہوں نے تجویز دی کہ حکومت اپنے غیر ترقیاتی اخراجات میں کم از کم 70 فیصد کمی کرے، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 70 فیصد اضافہ اور مزدور کی کم از کم تنخواہ 18 ہزار کی جائے، ملک سے کرپشن کے مکمل خاتمے کیلئے تمام محکموں میں خصوصی سیل کے قیام کے علاوہ تمام سیاسی جماعتوں اور عدلیہ سے مشاورت کے ساتھ ملک کے شفاف احتساب کیلئے قومی احتساب کے ادارے کو منظم اور فعال کیا جا ئے۔ میڈیا کے ذریعے حکومت کو دی جانیوالی تجاویز میں مزید کہا گیا کہ وزراء اور دیگر سیاسی شخصیات کیلئے بلٹ پروف اور دوسری گاڑیاں درآمد کرنے پر پابندی لگائی جائے، صدر، وزیراعظم اور وزرائے اعلٰی کی گاڑیوں میں پٹرولیم کے استعمال، وزراء، سرکاری گاڑیوں کی مرمت اور ان کے اندرون ملک اور بیرون ملک دوروں پر اٹھنے والے اخراجات میں کم ازکم 70 فیصد کمی کی جائے۔

فائزہ ملک نے اپنی تجاویز میں مزید کہا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لیے سرکلر ڈیبٹ کا مسئلہ فوری طور پر حل کیا جائے اور بجلی کا بحران ہمیشہ کیلئے حل کرنے کیلئے امریکہ سمیت کسی بھی غیر ملکی دباؤ کو مسترد کرتے ہوئے ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبہ جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے، بجٹ میں تھر کے کوئلے کو بجلی پیدا کرنے اور ڈیزل میں تبدیل کرنے کے لیے رقم مختص کی جائے، تاکہ ہم بجلی کے بحران اور ڈیزل کی کمی کا مداوا کرسکیں، جب تک بجلی کی کمی پوری نہیں ہوتی چاروں صوبوں میں لوڈشیڈنگ کی منصفانہ تقسیم کی جائے، زرعی ترسیلات پر سیلز ٹیکس فوری طور پر ختم کیا جائے اور آر جی ایس ٹی سمیت کوئی نیا ٹیکس نہ لگایا جائے۔ ملک کو آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک سمیت دیگر اداروں کے چنگل سے نجات دلانے کیلئے غیر ملکی امداد نہ لینے کا اعلان کرکے پاکستان میں قرضے معاف کروانے والے بڑے صنعتکاروں اور دیگر افراد سے سود کے ساتھ پیسے واپس لیے جائیں

انہوں نے کہا کہ ملک سے کرپشن کے مکمل خاتمے کیلئے تمام محکوں میں خصوصی سیل کے قیام کے علاوہ تمام سیاسی جماعتوں اور عدلیہ سے مشاورت کے ساتھ ملک کے شفاف احتساب کیلئے قومی احتساب کے ادارے کو منظم اور فعال کیا جائے تجاویز میں کہا گیا کہ دوہری شہریت رکھنے والے سیاستدانوں کے سیاست میں حصہ لینے پر مکمل پابندی عائد کی جا ئے۔ حکومت ریلوے، پی آئی اے، واپڈا سمیت کسی بھی ادارے کی نجکاری کرنے کی بجائے ان اداروں میں میرٹ پر تقرری کرکے انکی کارکردگی کو بہتر بنائے، تاکہ یہ ادارے ملک پر معاشی بوجھ کی بجائے نفع بخش بن سکیں۔ تجاویز میں کہا گیا کہ گھریلو خواتین کی زیادہ سے زیادہ حوصلہ افزائی کرنے کیلئے ان کو کاروبار کیلئے بلا سود قرضے فراہم کیے جائے۔
خبر کا کوڈ : 271987
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش