0
Tuesday 18 Jun 2013 19:52

ہماری آزادی و خود مختاری سلب کر لی گئی ہے، سید منور حسن

ہماری آزادی و خود مختاری سلب کر لی گئی ہے، سید منور حسن
اسلام ٹائمز. امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے آرمی چیف جنرل پرویز کیانی کے بیرونی جارحیت کو روکنے کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنرل صاحب کو اپنے نعروں پر عمل بھی کرنا چاہیے خالی دعوؤں سے امریکی مظالم کی شکار قوم کو دلاسہ نہیں دیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ جس دن سے امریکہ نے اس خطے میں قدم رکھا ہے، پاکستان براہ راست امریکی جارحیت کا نشانہ بنا ہوا ہے، آئے روز ہونے والے ڈرون حملوں میں معصوم بچوں، خواتین اور بوڑھوں سمیت ہزاروں شہریوں کو موت کی نیند سلا دیا گیا ہے، امریکی حکم پر ہونے والے آرمی آپریشنوں میں لاکھوں لوگوں کو بے گھر کر کے در بدر کر دیا گیا ہے، سلالہ چیک پوسٹ پر براہ راست حملے میں 24 فوجی جوان شہید کر دیئے گئے اور امریکہ نے اس درندگی پر معذرت کے دو لفظ تک نہیں کہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی ہیلی کاپٹر سینکڑوں کلو میٹر پاکستان کے اندر گھس کر کارروائی کرتے ہیں اور ہمیں خبر نہیں ہوتی، پاکستان کے ازلی دشمن اور پاکستان پر تین جنگیں مسلط کرنے والے بھارت کے طیارے گزشتہ روز پاکستانی سرحدوں کو پامال کرتے ہوئے کئی منٹ تک پاکستان کے اندر اڑتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ جب ہماری سرحدوں کے محافظ گہری نیند سے بیدار ہوتے ہیں تو دشمن کے طیارے اپنی کارروائی کے بعد واپس جا چکے ہوتے ہیں۔ سید منور حسن نے کہا کہ ہماری آزادی و خود مختاری سلب کر لی گئی ہے اس کے باوجود آرمی چیف اگر سمجھتے ہیں کہ ہمیں کسی جارحیت کا سامنا نہیں تو اسے ان کا بھولپن اور سادگی ہی قرار دیا جا سکتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 274727
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش